اسلام آباد : جوہری سائنسدان کے قتل کی مذمت کرتے ہیں،ایران تحمل سے کام لے، اطلاعات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی سے گریز کرے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل کی سخت مذمت اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان محسن فخری زادے کے قتل پر تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ صبروتحمل سے کام لینے اور علاقے میں کشیدگی میں اضافے سے گریز پر زور دیتا ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں نئی آباد کاری کے ٹینڈر جاری کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ فلسطین میں نئی آباد کاری کی اسرائیلی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمارے لیے فلسطینیوں کا حق استصواب رائے اہم ہے۔
انہوں نے پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس کے بطور دارالحکومت فلسطین کے حل پر یقین رکھتا ہے۔