اسلام آباد:بیلجیم اورلکسمبرگ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ سفیر پاکستان کی دوسری ماہانہ ورچوئل کھلی کچہری میں گفتگو،اطلاعات کے مطابق یوروپی یونین ، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے مندوب ، سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی دوسری ملاقات کی اور قونصلر خدمات اور پاکستانی کمیونٹی کی عمومی بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی سے قریبی رابطہ رکھنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی مناسبت سے یہ تقریب بیلجیئم میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعہ منعقد کی گئی تھی۔ اس تقریب میں ، اکیڈمیا ، کاروبار ، سماجی خدمات اور میڈیا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے شرکا کو موثر قونصلر خدمات فراہم کرنے کے لئے مشن کی جاری کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے گزشتہ کچہری میں دی گئی تمام تجاویز پر بروقت عملدرامد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
پاکستان کو ریکارڈ ترسیلات زر منتقلی پر کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے فنڈز پاکستان منتقل کرنے کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سفارتخانہ 6 مارچ 2021 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے بارے میں ایک آن لائن سیشن کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نے کمیونٹی ممبران کو اس تقریب میں شرکت کے لئے مدعو بھی کیا۔
سفیر پاکستان نے شرکاء کو جانشینی سرٹیفکیٹ کے طریقہ اجراء کو سہل بنانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ورثا اب نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ذریعہ آسان مرحلہ وار عمل کے بعد جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں کو سراہا اور خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لئے مفید مشورے بھی دیئے۔