کرونا وائرس، بلوچستان حکومت نے ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا، متاثرین کا مبشر لقمان سے رابطہ
کرونا وائرس، بلوچستان حکومت نے ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے، بلوچستان کی صوبائی حکومت نے بھی لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے
لاک ڈاؤن کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں،وفاقی حکومت لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب افراد کو ماہانہ مالی امداد دے رہی ہے تو دوسری جانب بلوچستان حکومت نے شہریوں کو نوکریوں سے نکالنا شروع کر دیا ہے
بلوچستان کی صوبائی حکومت کے زیر انتظام چلنے والے ادارے میں لاک ڈاؤن کے باعث 32 افراد کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ،ڈائریکٹر آپریشن بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں ،بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ادارے بھی بند ہیں اسلئے آپ کو اپریل سے جون تک نوکری سے معطل کیا جاتا ہے، کرونا کی صورتحال واضح ہونے کے بعد آپ کو آگاہ کر دیا جائے گا.
بلوچستان حکومت کی جانب سے ملازمین کو نوکریوں کے معطل ہونے پر ملازمین نے سینئرصحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان سے رابطہ کیا ہے اور بلوچستان حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کے حوالہ سے بتاتے ہوئے حکومتی رویوں کے خلاف احتجاج کیا ہے.
متاثرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہم مشکلات کا شکار تھے اب حکومت نے ہمارے اوپر نوکریوں سے معطلی کا پروانہ دے کر مزید پریشان کر دیا ، اس میں ہمارا کیا قصور ہے، بلوچستان کی حکومت ہمیں نوکریوںسے معطل کرنے کا نوٹفکیشن واپس لے.