کرونا وائرس، سینیٹ میں دو ہفتوں کے لئے تمام تقریبات، اجلاس منسوخ
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس، تقریبات اور دیگر پارلیمانی اجتماعات کو منسوخ کر دیا۔
ترجمان سینیٹ سیکرٹریٹ کےمطابق دو ہفتوں تک اجتماعی تقریبات بشمول ایوان بالاء کی کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ کر دیئے گئے،کرونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وبا کو مد نظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدام کے طور پر تمام اجلاس منسوخ کیے گئے۔باضابطہ نوٹیفکیشن تھوڑی دیر میں جاری کر دیا جائے گا۔
ترجمان سینیٹ سیکرٹریٹ نے کہا کہ اراکین پارلیمان، پارلیمنٹ کے ملازمین غیر ضروری اجتماعات سے گریز کریں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ایک مشکل صورتحال درپیش ہے۔ پاکستان میں بھی کچھ مریض سامنے آئے ہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہماری سماجی ذمہ داری ہے۔ کرونا وائرس عالمی وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قوم سے خصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام انسانیت کو اس موذی وبا سے اپنی امان میں رکھے۔ کوشش کریں کہ گھروں تک محدود رہیں، رش والے مقامات پر نہ جائیں۔ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ سربسجود ہوکر دعا کریں اور استغفار پڑھیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کیخلاف لائحہ عمل کی تیاری کے لئے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس آج شام وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔اجلاس میں شرکت کے لئے وزرائے اعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا، مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ وزیرداخلہ اعجاز شاہ ، وزیر قانون فروغ نسیم ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی شرکت کریں گے۔
کرونا کا پنجاب میں کوئی مریض نہیں،پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی ڈکلیئرکر دی ہے، یاسمین راشد
کرونا کا خدشہ، چکن کی قیمت دس روپے فی کلو ہونے پر پولٹری مالکان نے 6 ہزار مرغیوں کو زندہ دفنا دیا
کرونا وائرس، چین سے طالب علم پاکستان پہنچا تو اسکے ساتھ کیا ہوا؟
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کروناوائرس سےمتعلق قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور کرونا سے نمٹنے کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کرونا سے بچاؤ کیلئے ایمرجنسی نافذ کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ اور بارڈرز مینجمنٹ سے متعلق بھی فیصلہ ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے.وزیراعلیٰ پنجاب بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں.
پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 22 ہو گئی ہے








