ریاض :کرونا نے سعودی معیشت کی کمرتوڑدی : آرامکو کا پٹرول پمپوں پرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان،اطلاعات کے مطابق سعودی عرب جیسے مضبوط معاشی ملک نے بھی اپنی عوام پربوجھ ڈالنا شروع کردیا ہے ،ادھر سعودی عرب کی تیل کی بڑی کمپنی آرامکو نے ماہ اگست میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
آرامکو کے ایک بیان کے مطابق مملکت میں پٹرول پمپوں پر گیسولین 91 آکٹین گریڈ کی قیمت 1۰29 ریال سے 1۰43 ریال کی جارہی ہے اورآکٹین گریڈ 95 کی قیمت 1۰44 ریال سے بڑھا کر 1۰60 ریال کی جارہی ہے۔
آرامکو نے اتوار کو اپنے نصف سال کے آمدن اور اخراجات کے گوشوارے جاری کیے تھے۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی مانگ اور قیمتوں میں کمی کے رجحان کی وجہ سے اس کے منافع کی شرح میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
اس سال کی دوسری سہ ماہی میں اس کے منافع کی شرح میں 73 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔اس کے باوجود کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ حصص داران میں 75 ارب ڈالر کی رقوم تقسیم کرے گی۔واضح رہے کہ آرامکو نے گذشتہ سال پہلی مرتبہ مارکیٹ میں اپنے حصص فروخت کیے تھے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امین الناصر نے سوموار کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آرامکو اپنی یومیہ پیداواری صلاحیت میں مزید دس لاکھ بیرل تک اضافے کے منصوبے پر کام جاری رکھے گی۔ وہ اپنی یومیہ پیداوار ایک کروڑ تیس لاکھ بیرل تک بڑھانا چاہتی ہے۔
تاہم انھوں نے کہا کہ 2021ء میں کمپنی کے بڑے اخراجات کی مالیت پہلے سے وضع کردہ ہدایات کے مقابلے میں کم رہے گی۔اس نے پہلے 40 سے 45 ارب ڈالر تک سرمایہ لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
امین الناصر کا کہنا تھا کہ ’’ہم زیادہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت کو ایک 20 لاکھ بیرل سے ایک کروڑ 30 لاکھ بیرل یومیہ تک بڑھانے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہیں۔ اس کو 2021ء میں سرمائے کی لاگت پراثرانداز نہیں ہونا چاہیے۔‘‘