کورونا کے لیے موثر دوا ڈیکسا میتھا سون مارکیٹ‌سے غائب

0
34

کورونا کے لیے موثر دوا ڈیکسا میتھا سون مارکیٹ‌سے غائب

باغی ٹی وی : منافع خور ایک بار پھر سرگرم ہوگئے، کورونا مریضوں کے لئے موثر دوا ڈیکسا میتھا سون مارکیٹ سے غائب، قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ، حکومت نے کارروائی کی ہدایت کر دی۔ برطانیہ میں کورونا وائرس کے لئے زندگی بچانے والی دوا قرار دیئے جانے کے بعد کراچی، پشاور، اسلام آباد سمیت ملک بھر کے میڈیکل سٹورز سے ڈیکسا میتھاسون غائب ہونی شروع ہوگئی۔

کرونا کے مریضوں کی جان بچانے کیلیے ” ڈیکسا میتھا سون “ کو مفید قرار دیا گیاتھا اور بتایا گیا تھا کہ آکسیجن اور وینٹی لیٹر پر موجود افراد کی زندگی بچانے کیلیے یہ اہم دوا ہے جس کے بعد یہ دوا کراچی ، پشاور اور اسلام آباد سمیت تقریبا ملک بھر کے میڈیکل اسٹورز سے غائب ہو گئی۔

مذکورہ دوا کی گولیاں اورانجکشن پاکستان میں انتہائی کم قیمت پر دستیاب تھے جو گزشتہ 2 روز سے مارکیٹ میں نایاب ہوچکے ہیں۔پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیکسامیتھا سون انجکشن کی ہول سیل قیمت 450 روپے ، ریٹیل قیمت 550 روپے تھی لیکن جیسے ہی ذخیرہ اندوزی شروع ہوئی تواس کی قیمت 800 سے ایک ہزار روپے تک جا پہنچی۔ علاوہ ازیں وزارت قومی صحت نے مجوزہ دوا کی قلت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فروخت کے لیے شرائط عائد کر دیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے جاری ایڈوائزری کے مطابق دواصرف رجسٹرڈ ڈاکٹر کے نسخہ پر فروخت کرنے کی اجازت ہے۔ فارمیسز فروخت کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھیں۔ ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسز دوا کی دستیابی یقینی بنائیں۔

علاوہ ازیں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کسی کو بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوا ملک میں کافی مقدار میں موجود ہے ، مصنوعی قلت کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کی جا ئے گی۔ ادھر پشاورمیں بھی دوا کی ذخیرہ اندوزی پر پابندی عائد کردی گئی۔

Leave a reply