کورونا کی خطرناک صورتحال،سندھ میں یہی حال رہا تو مکمل لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا
وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، یہی صورت حال رہی تو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنا پڑے گا۔تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ بیان میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس کی میٹنگ میں کورونا صورتحال پر اظہار تشویش کیا گیا، کیسز بڑھ رہے ہیں یہی صورت حال رہی تو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنا پڑے گا، ویکسی نیشن کے لیے لوگوں کو بلایا جارہا ہے لیکن نہیں آرہے۔انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کررہے ہیں کہ ویکسین سب کے لیے میسر ہو، البتہ سندھ میں دیگر صوبوں سے صورت حال بہتر ہے، وزیراعظم بھی محسوس کررہے ہیں کہ مل کر کام کرنا چاہیے۔صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ بہت سارے معاملات ہیں وفاقی حکومت تعاون نہیں کرتی، وزیراعظم نے کہا 3اسپتال سندھ کو دے رہے ہیں پھر بھی بورڈ بنایا جارہا ہے، زرعی ملک ہوتے ہوئے چیزیں باہر سے منگوانی پڑتی ہیں، پی ڈی ایم اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں ملی، اپوزیشن کو ایک ہونا پڑے گا، ہم آئیڈیل پوزیشن میں نہیں ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت بڑی برائی ہے ہم نے چھوٹی برائیوں کو ساتھ لیا، ضمنی انتخاب سے بھاگ نہیں رہے رمضان اور کورونا صورت حال پر خط لکھا تھا، پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے جیتے گی، اپوزیشن کو اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں نمائندگی دینے کی بات چیت چل رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کو پی اے سی کی چیئرمین شپ نہیں دے رہے، نبی ﷺکی حرمت پر قومی اسمبلی میں قرارداد کی حمایت کریں گے