کرونا وائرس کی وجہ سے امریکا میں مسلسل تیسرے روز ہلاکتوں کی تعداد خطرنا ک حد تک بڑھ گئی

کرونا وائرس کی وجہ سے امریکا میں مسلسل تیسرے روز ہلاکتوں کی تعداد خطرنا ک حد تک بڑھ گئی

باغی ٹی وی : کرونا وائرس تا حال دنیا کے لیے ڈراؤنا خواب بنا ہوا. کورونا وائرس کے باعث امریکا میں مسلسل تیسرے روز تقریباً 2000 کے قریب اموات کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 64 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادو شمار کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 95 ہزار 304 تک پہنچ گئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد 63 ہزار 871 ہو گئی ہے۔

ادھر نیویارک میں میتیں رکھنے کی جگہ کم پڑگئی جس کے بعد لاشوں کو کنٹینرز کے اوپر رکھنا شروع کر دیا گیا ہے۔

روس کے وزیراعظم میخائل مشوستین بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جب کہ روس میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد اور ہلاک افراد کی تعداد ایک ہزار 169 ہو گئی ہے۔
برطانیہ میں کورونا سے مزید 4419 افراد کی موت کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار 7 سو سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد ہے۔

اسپین میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 453 افراد کی اموات کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 24 ہزار543 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس نے مزید 323 افراد کی جان لے لی جہاں اب تک ہونے والی اموات 27 ہزار 967 ہو گئیں۔ اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار سے زائد ہے۔

فرانس میں بھی کورونا نے مزید 427 افراد کی جان لے لی۔ فرانس میں مرنے والوں کی تعداد 24 ہزار 300 سے زائد ہو گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

جرمنی میں بھی کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 6 ہزار 400 سے بڑھ گئی ہے جب کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایران میں ہلاکتیں 6 ہزار جب کہ کینیڈا میں اموات کی تعداد 3 ہزار سے اوپر چلی گئی۔

Comments are closed.