لاہور:پاکستان میں وبائی صورتحال پیچیدہ، کورونا وائرس وبا میں مبتلا مریض بڑھنے لگے،پنجاب میں ایک مریض دم توڑگیال،اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں روز بروز کورونا وائرس میں مبتلا شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 6919 ہو چکی ہے۔
گزشتی چوبیس گھنٹوں کے دوران 141 نئے کیس سامنے آئے، 4 اموات ہوئیں جبکہ 5540 ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 78979 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا وبا سے اموات کی تعداد 128 ہو چکی ہے جبکہ 1645 شہری مکمل صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
ادھرآج لاہور میں کورونا وائرس سے ایک اور ہلاکت کی اطلاعات ہیں ، ہسپتال ذرائع کےمطابق کورونا وائرس سے 55 سالہ مریض جاں بحق ہوا، یہ بھی کہا جارہا ہےکہ 55 سالہ مریض کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد میو اسپتال میں زیر علاج تھا
جاں بحق ہونے والے شخص کو کوئی اور بیماری نہیں تھی، 55 سالہ مریض اچھرہ کے علاقے کا رہائشی تھا، جاں بحق ہونے والا مریض 13 اپریل کو میو اسپتال داخل ہوا،
اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 2008، صوبہ پنجاب میں 3291، اسلام آباد میں 145، بلوچستان میں 280، خیبر پختونخوا میں 912، آزاد کشمیر میں 46 جبکہ گلگت بلتستان میں 237 شہری اس موذی مرض میں مبتلا ہیں۔
شرح اموات کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں 45، صوبہ پنجاب میں 34، اسلام آباد میں 1، صوبہ بلوچستان میں 3، خیبر پختونخوا میں 42، گلگت بلتستان میں 3 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں تاہم آزاد کشمیر سے کوئی اموات رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنڑول سینٹر کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 58 فیصد کیسز مقامی طور پر ایک دوسرے میں منتقل ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز میں سے 42 فیصد کیسز کی ٹریول ہسٹری ہے جبکہ 58 فیصد کیسز ایسے ہیں جو مقامی طور پر ایک شخص سے دوسرے شخص میں وائرس منتقل ہوا۔
کمانڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں بدھ تک مجموعی طور پر 78 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے چھ ہزار سے زائد مصدقہ کیسز سامنے آئے جبکہ 128 افراد اب تک کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 1645 ہوگئی ہے۔
پنجاب سے کورونا وائرس کے مزید 216 کیس، تعداد 3232 ہو گئی
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق 701 زائرین سینٹرز، 1236 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 91 قیدیوں اور 1204 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
لاہور 59، سیالکوٹ 14، گوجرانوالہ 7، ڈی جی خان میں 9 اور بھکر میں 2 قیدیوں، ڈی جی خان میں 221 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں 23 زائرین، رائے ونڈ مرکز میں 577، شیخوپورہ 12، منڈی بہاء الدین 17، سرگودھا 64، میانوالی 7، وہاڑی 37، راولپنڈی 16، جہلم میں 41 تبلیغی ارکان، ننکانہ 2، گجرات 14، گوجرانوالہ 10، رحیم یار خان 45، بھکر 61، خوشاب 2، راجن پور 9، حافظ آباد 35، سیالکوٹ 19، لیہ 31، مظفر گڑھ 52، ناروال 19، بہاولنگر 13، فیصل آباد میں 6 تبلیغی ارکان، ملتان میں 108، ساہیوال 7 اور بہاولپور میں 30 تبلیغی ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ صحتیاب ہونے والے بارہ مریضوں میں سے دس میو ہسپتال لاہور جبکہ دو پی کے ایل آئی میں زیر علاج تھے۔ لاہور میں ابھی تک 477 کووڈ کنفرم مریضوں میں سے مجموعی طور پر ایک سو ترتالیس مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں کی صلاحیت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ گذشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس کے دو ہزار چھ سو انتہر (2669) تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے۔
صوبہ بھر میں ابھی تک مجموعی طور پر کورونا وائرس کے چھیالیس ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مشتبہ اور کنفرم مریضوں کے اعدادوشمار کا جائزہ روزانہ کی بنیاد پر لیا جا رہا ہے۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کی مکمل کوشش کی جا رہی ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 340 کیسز اور چار اموات سامنے آئیں۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ اب تک 18 ہزار 900 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جس میں 340 نئے کیسز کے بعد مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 2008 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 16 افراد کے ٹھیک ہونے کے ساتھ ہی مجموعی طور پر 576 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 45 افراد اب تک سندھ میں انتقال کر چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وائرس کا پھیلاؤ کم ہوا لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ خطرہ ٹل گیا۔ اس وائرس کے ساتھ ہمیں کچھ عرصہ رہنا پڑے گا۔
تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کابینہ روم میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ وزیر صحت تیمور سلیم کا کہنا تھا کہ عوام نے احتیاط نہ کی تو مہینے کے اندر 80 ہزار کیسز ہوں جائیں گے۔ ہر ہفتے کورونا کیسز کی تعداد ڈبل ہو رہی ہے۔ صوبے کی 4 کروڑ عوام کو باخبر رکھنا چاہتے ہیں۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق حالیہ وفات کے بعد کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 32 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 303 ہو گئی ہے۔ اب تک 12899 افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں سے 4124 رپورٹس منفی آئی ہیں جبکہ 4490 مریض مشتبہ ہیں اور 142 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔








