کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، سندھ پولیس کو نیا ٹاسک مل گیا
سندھ حکومت نے صوبے میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس کو بھی کارروائی کا اختیار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے تحت سندھ میں کرونا ایس او پی کی خلاف ورزیوں پر پولیس کو کارروائی کا اختیار دے دیا گیا ہے.
نوٹی فیکیشن کے مطابق پولیس انسپکٹر اورایس ایچ او سندھ وبائی امراض ایکٹ کی شق تین کے تحت کارروائی کر سکیں گے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پرنوٹس کا اجرا اورہدایات دے سکیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ترمیمی نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ د کانوں،فیکٹریوں اور دفتروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو پولیس انسپکٹر کارروائی کرسکےگا، اس سے قبل کارروائی کااختیارڈپٹی کمشنراوراسسٹنٹ کمشنرکو حاصل تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان جاری کیا ہے.
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے بھر میں مزید اٹھارہ سو سینتالیس کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ چھتیس افراد اس وبا کے باعث انتقال کرگئے، جس کے بعد صوبے میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار ستاون ہوگئی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ کےاٹھارہ سو سینتالیس نئےکیسزمیں سے تیرہ سو بیالیس کا تعلق کراچی سےہے، ضلع شرقی میں422،وسطی 206،کورنگی میں 237، ضلع جنوبی میں 339 ،ملیر117،غربی میں 21نئےکیسزرپورٹ ہوئے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 325 افراد نے کرونا کو شکست دی، جس کے بعد صوبے میں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد333102ہوگئی۔