امریکہ میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری ،ایک ہی روز میں1867افرادچل بسے،مرنے والوں کی تعداد 40ہزارکے قریب پہنچ گئی

0
38

واشنگٹن :امریکامیں کوروناوائرس نےتباہی مچا دی، ایک ہی روزمیں 1867سے زائدافراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد مجموعی طور پرامریکہ میں وائرس سےہلاکتوں کی تعداد 39 ہزار651 سے تجاوز کرگئی ۔ امریکہ میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 7لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ کورونا کے 29ہزار 216 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔

کورونا کے پیش نظر پینٹاگون نے امریکی فوجیوں کے اندرون بیرون ملک سفر کرنے پر 30جون تک پابندی عائد کردی ہے ۔ کینیڈا نے بھی امریکہ کے ساتھ سرحدوں کو ایک ماہ تک مزید بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ امریکی ریاست نیویارک مہلک وائرس سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ۔ نیویارک میں ہلاکتوں کی تعداد نائن الیون میں مرنے والوں کی تعداد سے زیادہ ہوگئی ، جبکہ صرف نیویارک میں مریضوں کی تعداد دو لاکھ سے بڑھ چکی ہے ۔ قبرستانوں میں جگہ کم پڑنے کی وجہ سے ریاست نیو یارک کے ہارٹ لینڈ جزیرے میں ہلاک ہونے والے افراد کی اجتماعی تدفین کی گئی ۔

امریکی صدر نے چین کوایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ غلطی ہے تو غلطی تو غلطی ہوتی ہے، اگر چین جانتے ہوئے ذمہ دار ہے تو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ صدرٹرمپ نے پھر سے چین میں کوروناسے ہلاکتوں پر شک کا اظہار کیا ہے ۔اس حوالے سے مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ چین نے بین الاقوامی سائنسدانوں کو لیبارٹری میں جانے کی اجازت نہیں دی ۔

دوسری جانب امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں امریکی صدر کی نااہلی اورناقص کارکردگیوں سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ وبا کی سنگینی سے لاعلم تھی ، امریکہ نے چین کو جنوری ، فروری میں لاکھوں روپے مالیت کا طبی سامان بھیجا ہے ۔امریکہ نے ماہرین کی وارننگ کو نظر انداز کیا ۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعدادایک لاکھ 63 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ 23 لاکھ 73ہزار سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ دنیا بھر میں 15 لاکھ 74 ہزار مریض زیرعلاج ہیں جبکہ کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد6لاکھ 12 ہزار ہوگئی ہے۔

Leave a reply