کرونا وائرس،گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس چھوڑ دیا،گورنر پنجاب نے کیا بڑا فیصلہ
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر گورنر پنجاب نے ملازمین کو ایک ہفتے کی چھٹیاں دے دیں تو گورنر سندھ قرنطینہ میں چلے گئے.
صوبہ پنجاب میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے بعد گورنر ہاؤس کے اسٹاف کو ایک ہفتے کی چھٹیاں دینے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ترجمان گورنر ہاؤس کا کہنا ہے کہ گورنرسیکرٹر یٹ میں بھی تمام اسٹاف کو چھٹیاں دے دی گئیں۔ ہفتہ اور اتوار کو عوام کو گورنرہاؤس میں سیر کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل گورنر ہاؤس چھوڑ کر قرنطینہ میں چلے گئے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری سعید غنی سے ملاقاتیں رہی ہیں، جب تک کرونا ٹیسٹ رپورٹ نہیں آجاتی قرنطینہ میں رہوں گا۔
سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے، سعید غنی نے کل کرونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا ،سعید غنی کا کہنا ہے کہ گھر سے کام کر رہا ہوں، میں خود کو صحت مند محسوس کر رہا ہوں، ذمہ داریاں گھر سے سرانجام دوں گا، مجھ سے ملنے والے لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں .
دوسری جانب سعید غنی میں کرونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد سندھ کی صوبائی کابینہ و تعلیم کے افسران کو کرونا کے ٹیسٹ کروانے کا کہہ دیا گیا ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی کرونا کا ٹیسٹ کروائیں گے،سعید غنی گزشتہ روز تک تمام اجلاسوں میں شریک رہے.
سندھ حکومت نے لاک ڈاﺅن کی وجہ سے 5 لاکھ ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ دینے کافیصلہ کیا ہے،سرکاری ملازمین کو اس ماہ کی تنخواہ 25 مارچ کو دے دی جائے گی ،ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پنشن بھی 25 مارچ کو دے دی جائے گی ،سیکرٹری خزانہ سندھ نے تنخواہ اور پنشن جاری کرنے کیلئے اکاﺅنٹنٹ جنرل کو خط لکھ دیا۔
واضح رہے کہ سندھ میں 15 روز کے لیے کرفیو نافذ ہے ۔شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ۔سڑکوں پر پولیس کا گشت جاری ہے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے








