کورونا وائرس کی بڑھتی صورتحال حکومت کا بازاروں کےمتعلق سخت فیصلہ سامنے آگیا
باغی ٹی وی :پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ اہم فیصلے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس میں حکومت پنجاب نے کورونا کے انسداد کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دی۔

وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ انسداد کورونا کابینہ کمیٹی نے صوبے میں وبا کی صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کی منظوری دی۔ ‏صوبے میں کورونا کے کیسز کی بڑھتے ہوئے مثبت کیسز کی وجہ سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کو مائیکرو سے بڑھا کر محلہ اور سوسائٹی لیول تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ جس مارکیٹ، بازار، آفس، شادی ہال میں ماسک کی پابندی نہیں کی جائے گی، اسے بند کر دیا جائے گا
پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر جاری ہے اور کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 1650 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 9 اموات ہوئی ہیں، پاکستان میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد3 لاکھ 44 ہزار839 ہوگئی ہے جبکہ کرونا سے اموات کی تعداد 6 ہزا ر 977 تک ہو گئی ہے،پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ18 ہزار881 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 18 ہزار981 زیرعلاج ہیں،

این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 1لاکھ 50ہزار169 اور پنجاب میں ایک لاکھ 6 ہزار922 ہے۔ خیبرپختونخوا40 ہزار657، اسلام آباد21ہزار861، بلوچستان16ہزار106، آزاد کشمیر4 ہزار 758 اورگلگت میں4ہزار366 مریض سامنے آ چکے ہیں

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار408 ، سندھ میں 2 ہزار 684، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار288، اسلام آباد241، بلوچستان154، ‏گلگت بلتستان93 اور آزاد کشمیر میں109 اموات ہو چکی ہیں

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

Shares: