کرونا وائرس کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا گیا

باغی ٹی وی : کرونا وائرس کے لیے سلامتی کونسل کو بھی حرکت میں آنا پڑا ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جمعرات کے روز کرونا وائرس کے حوالے سے پہلا اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران اس وبائی مرض کے سبب کونسل کے پانچوں مستقل ارکان کے درمیان شدید نوعیت کا انقسام دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ بات سفارتی ذرائع نے پیر کے روز بتائی۔

کونسل کے 10 غیر مستقل ارکان میں سے 9 نے گذشتہ ہفتے مطالبہ کیا تھا کہ کرونا کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد کیا جائے۔ اس اجلاس میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اپنی بریفنگ دیں۔ یہ مطالبہ کونسل کے مستقل ارکان بالخصوص امریکا اور چین کے درمیان اس وائرس کے حوالے سے جاری تنازعات کے سلسلے میں غیر مستقل ارکان کے مایوس ہوجانے کے بعد سامنے آیا۔

ایک سفارت کار نے پیر کے روز اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ سلامتی کونسل جمعرات کے روز وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بند کمرے کا اجلاس منعقد کرے گی۔ یہ اجلاس گرینچ کے وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہو گا۔سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں زیر بحث آنے والے موضوعات کے حوالے سے ایجنڈے پر ابھی تک ابہام کے پردے پڑے ہوئے ہیں۔

واضح‌رہے کہ کرونا وائرس کی دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی تباہی جاری ہے، امریکہ میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض ہیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا کے حوالہ سے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چینی صدر کی بہت عزت کرتا ہوں، موجودہ صورتحال میں چین کو ہماری مدد کرنا چاہیے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کررہا ہوں ڈاکٹروں کے مطابق میری صحت ٹھیک ہے لیکن بورس جانسن کا انتہائی نگہداشت کے وارڈ مین داخل ہونا اچھی صورتحال نہیں ہے. امریکی عوام ان کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، وہ میرے اچھے دوست ہیں، بورس جانسن بہت پر عزم اور ہار ماننے والے نہیں۔ امریکا میں فضائی سروس انتہائی محدود ہے اور زیادہ تر فضائی سروس اور میڈیکل سپلائی ملٹری کے لیے ہورہی ہے۔ امریکا میں اب تک 17 لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ ہوچکے ہیں، میڈیکل سپلائی کی کمی نہیں، جہاں ضرورت ہے وہاں کمی پوری کر رہے ہیں۔

Shares: