کرونا وائرس کی چھٹیاں اور بچوں کی تعلیم و تربیت
تحریر : حافظ احسان اللّٰہ بلوچ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر حکومت پاکستان نے تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں اور تقریباً تمام کاروباری مراکز بند کروا کے تمام عوام کو گھروں تک محدود کر دیا ہے ۔ اور سکول پڑھنے والے تمام بچوں سے والدین کو مل بیٹھنے یا جھیلنے کا پہلی بار موقع ملا ہے ۔ حکومتی اور نجی حلقوں میں آن لائن ایجوکیشن کی باتیں چل رہی ہیں ، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء کے لئے شائد یہ تجربہ کارگر ثابت ہو جائے کہ تعلیم اور عمر کی اس سٹیج پر پہنچ کر ان کو حصول تعلیم کا احساس ہو ہی جاتا ہے ۔ لیکن پرائمری ، مڈل اور میٹرک کے طلباء شاید اس کو قبول نہ کر پائیں ، بلکہ میرے خیال میں تو والدین جب بچوں کو آن لائن ایجوکیشن پر مجبور کریں گے تو والدین اور بچوں میں ایک نفسیاتی جنگ چھڑ جانی ہے ۔ پہلے ہی ہمارے ملک کے جبری نظام تعلیم نے بچوں کے فطری حقوق سلب کر رکھے ہیں اور 72 سالوں میں ہم تعلیمی نظام نہیں سدھار پائے تجربوں پر تجربے کرتے چلے آ رہے ہیں اور اب ایک نیا تجربہ کرنے جا رہے ہیں ۔ ” سبق فاؤنڈیشن ” نے آن لائن ایجوکیشن پر کافی کام کیا ہے لیکن اس سے طلباء نے کم اور اساتذہ نے زیادہ فائدہ اٹھایا ہے ۔
بہرحال گھروں میں دندناتے یا والدین کی سختی سے سہمے بچے اس وقت ایک مسئلہ تو ہیں کہ ان کو کیسے ڈیل کیا جائے ، ان کو کیسے تعلیم دی جائے ، ان کی انرجی کو کیسے کھپایا جائے اور ان کے ضائع ہوتے وقت کو کیسے بچا کر مفید بنایا جائے ۔ اس میں راقم کا مشورہ یہ ہے کہ بچوں کے ساتھ سختی اور کھینچا تانی کی بجائے افہام و تفہیم اور دوستی کا تعلق قائم کریں ، بچوں کی باتیں غور اور توجہ سے سنیں کہ کسی معاملے یا چیزوں کو دیکھ کر انہوں نے کیا سمجھا ہے ، یوں آپ بچوں کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ اور بھی ان سے بہت کچھ سیکھیں گے . اولادِ سے سختی کرنے والے اور انہیں ہر وقت سکول کی پڑھائی ، ٹیوشن اور ہوم ورک میں الجھائے رکھنے والے والدین ذرا پیار اور محبت سے بچوں کی آنکھوں میں جھانک کر تو دیکھیں ماں باپ کی محبت ، لاڈ ، ستائش اور توجہ کے لیے ترستی آنکھوں کے سوا کچھ نظر نہیں آئے گا اور آپ کا منہ چھپا کے پھوٹ پھوٹ کر رو دینے کو جی چاہے گا کہ تعلیم اور ترقی کی چاہ میں ہم نے اپنے بچوں سے نہ جانے ان کے کتنے فطری حقوق چھین رکھے ہیں ۔
راقم نے اس موقع پر والدین کے لئے کچھ تجاویز اور مواد کا انتخاب کیا ہے ، جس سے والدین کو بچوں کو سمجھنے ، ان سے تعلق اور محبت میں رسوخ پیدا کرنے ، ان کی چھٹیاں یادگار بنانے ، ان کی تربیت کرنے ، ان کو سکھانے اور ان کے وقت کو قیمتی بنانے کا موقع ملے گا ۔
1۔ بچوں کو نمازوں ، تلاوت اور دعاؤں میں اپنے ساتھ پیار اور محبت سے شریک کریں ۔
2۔ بچوں کے ساتھ ذہنی اور جسمانی کھیل کھیل کھیلیں اور ہار کر ان کے دل جیت لیں ۔ اس کے لئے یوٹیوب پر
Physical and intellectual games for kids at home
سرچ کریں ۔ اس حوالے سے بہت زیادہ مواد موجود ہے لیکن یہ سرچنگ اور واچنگ بچوں کی پہنچ سے دور ہو ۔ میں کچھ پلے لسٹس شیئر کر دیتا ہوں ان سے بھی بہت کچھ مل جائے گا ۔
3۔ اسی طرح بچوں کو اچھی اچھی اسلامی ، سبق آموز اور دلچسپ کہانیاں سنائیں اور پڑھوائیں ۔ اس کے لئے میں نے کچھ کتابوں کا انتخاب کیا ہے جس میں پرائمری لیول سے میٹرک لیول تک کے بچوں کے لئے کافی سارا مواد موجود ہے جن کے لنکس درج ذیل ہیں ۔
سلسلہ قصص الانبیاء
خداؤں کا قتل
ننھی چڑیا کی بےقراری
ناقابل یقین سچائیاں
محمد طاہر نقاش کی کہانیاں
طالب ہاشمی کی کہانیاں
شاہین بچوں کے اقبال
اشتیاق احمد رحمہ اللّٰہ کے اردو ناولز
4۔ بچوں کے ساتھ کارٹون دیکھیں ۔ یہ کارٹون کیبل یا ڈش انٹینا پر دیکھنے کی بجائے یوٹیوب سے ڈاؤن لوڈ کرکے پھر دیکھیں اور یہ ڈاؤن لوڈنگ بچوں سے خفیہ ہو ۔ اور اس کے لئے چند ایک بہترین کارٹون سیریز کے لنکس میں شیئر کر رہا ہوں جن سے بچے تو بچے بڑے بھی بہت کچھ سیکھیں گے ۔ اور ان کو دیکھنے کے دوران بچوں کو بہت کچھ سکھایا جا سکتا ہے مثلاً ان میں خوبی اور ذہانت کی بات یا کارٹونز میں موجود کرداروں سے ہونے والی غلطیوں کی نشاندہی وغیرہ ۔
عبد الباری کے کارٹون
عبداللّٰہ اینڈ فرینڈز کارٹون
طارق بن زیاد کارٹون
ایم آئی ایس کارٹون
پیٹ اینڈ میٹ کارٹون
5۔ بچوں کے ساتھ مل کر گھر کی صفائی بھی کر سکتے ہیں ، کھانا بھی اور دیگر چیزیں بھی بنا پکا سکتے ہیں ، گھر میں پودے وغیرہ بھی لگائے جا سکتے ہیں ۔ اور اس کے لئے یوٹیوب پر بڑا مواد موجود ہے ۔
6۔ جب آپ بچوں کے ساتھ اس قدر گھل مل جائیں گے تب آپ بچوں سے اپنی ہر بات بغیر کسی سختی سے منوا سکتے ہیں ۔ تو بچوں کو پڑھانے لکھانے کے ساتھ ساتھ عقائد و عبادات ، اخلاقیات اور مسنون دعائیں سکھائیں ، رسول کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث مبارکہ یاد کروائیں تاکہ آپ کے بچے پکے اور سچے مسلمان بنیں ۔
روشنی کا سفر
ایپ (Daily dua for kids)
7۔ اس سب کچھ کے ساتھ ساتھ آپ بچوں کی تعلیم و تربیت کی مہارتیں بجی سیکھیں ، اس کے لئے میں چند ایک مفید کتابوں کے لنکس شئیر کر رہا ہوں ان کا مطالعہ ضرور کریں زندگی بامقصد معلوم ہوگی ۔
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا طریق تربیت
ہمارے بچے ہم سے کیا چاہتے ہیں ؟
اسلام میں بچوں کی تعلیم و تربیت والدین اور اساتذہ کی ذمہ داریاں
بدچلنی اور جنسی بے راہ روی سے بچوں کی حفاظت کیسے کریں ؟
والدین کا احتساب
أج کے بچے کل کی قوم ، آپ کے بچے آپ کی آخرت کا سرمایہ