کرونا وائرس، وزیراعظم عمران خان کل کہاں کا کریں گے دورہ؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر کوئٹہ جائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے،
کوئٹہ میں کرونا وائرس کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے، وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما بھی ملاقات کریں گے،وزیراعظم عمران خان کوئٹہ میں بی ایم سی اسپتال میں آئسولیشن سینٹر کا معائنہ کریں گے۔ جبکہ دورہ کے دوران وزیراعظم کورونا وائرس سے متعلق اقدامات اور موجودہ صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ بھی دی جائے گی
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کو آرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بلوچستان کا حصہ بڑھانے سمیت صوبے کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے دیگر مطالبات کئے ہیں
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ کہ بلوچستان کی 10 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہے اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے نتیجے میں اس 10 فیصد آبادی کو فوری معاونت کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے ایران سے منسلک سرحدی علاقوں میں ایل پی جی اور خوردنی اشیاء کی زیادہ تر ضروریات ایران سے پوری ہوتی ہیں تاہم سرحد کی بندش سے ان علاقوں میں ان اشیاء کی قلت پیدا ہو رہی ہے لہٰذا وفاقی حکومت اس حوالے سے بھی معاونت فراہم کرے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاک افغان سرحد کھلنے سے تقریباً 12 ہزار افغان باشندے واپس افغانستان چلے گئے ہیں۔ اتنی ہی تعداد میں افغانستان میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی واپسی بھی توقع ہے، جسے مد نظر رکھتے ہوئے پاک افغان سرحدی علاقوں میں قرنطینہ، آئسولیشن اور دیگر اقدامات کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں چین کی جانب سے بلوچستان کے لئے11,000 پونڈ وزنی طبی سازو سامان کی فراہمی کی گئی ہے،چین نے خصوصی طور پر بلوچستان کے لئے طبی سازوسامان کی ایک کھیپ بھیجی ہے تاکہ انہیں کرونا وائرس سے بچاؤ میں مدد مل سکے.
واضح رہے کہ بلوچستان میں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد212ہوگئی ہے جبکہ بلوچستان میں ایک ہلاکت ہو چکی ہے. وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام، مستحقین میں راشن کی تقسیم سمیت دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا،
اجلاس کو وزیر اعلیٰ ڈیلوری یونٹ کنٹرول روم کے انچارج کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے رحجان کے جائزہ کے حوالے سے تیار کئے گئے ڈیٹا بیس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس سے متاثرہ اور مشتبہ افراد کا ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں عوام سے براہ راست رابطہ کرکے ان میں کرونا وائرس کی علامات کے حوالے سے معلومات حاصل کریں گی، کنٹرول روم نادرا کے ڈیٹا بیس کے ذریعے مستحقین میں راشن کی تقسیم کا ڈیٹا بھی تیار کر رہا ہے جس سے مستحق خاندانوں کے مکمل کوائف حاصل ہونگے،
کنٹرول روم میں 1649 رضاکار وں اور 49 غیر سرکاری تنظیموں نے اپنی رجسٹریشن کرائی ہے جو رضاکارانہ طور پر راشن کی تقسیم سمیت دیگر رفاحی کاموں میں حکومت کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہیں، اجلاس میں کنٹرول روم کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے منسلک کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں راشن اور طبی آلات کی تقسیم کی طریقہ کار کو مزید موثر بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا جبکہ افغان کارڈ رکھنے والے مستحقین کو بھی کمشنر افغان رفیوجیز کی تصدیق کے بعد راشن کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔