امریکا:کورونا وائرس سے لوگ مررہے ہیں مگرحکومت کوکوئی پرواہ تک نہیں‌:اموات 9 لاکھ سے تجاوزکرگئیں

واشنگٹن : امریکا میں کورونا وائرس سے لوگ مررہے ہیں مگرحکومت کوکوئی پرواہ تک نہیں‌:اموات 9 لاکھ سے تجاوزکرگئیں،اطلاعات کے مطابق امریکہ میں عالمی وبا کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس کے مہلک وار جاری ہیں ، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ ملک میں وائرس سے گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں ایک لاکھ افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 9 لاکھ ہو گئی ہے ۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک 9 لاکھ سے زائد امریکی جان سے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس کی وباء سے مرنے والوں کے پیاروں کا دکھ اپنے دلوں میں محسوس کرتے ہیں۔

امریکی صدر نے شہریوں پر کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین اور بوسٹرز ناقابلِ یقین حد تک کورونا کی وباء کے خلاف مؤثر ثابت ہوئے ہیں اور اعلیٰ ترین سطح کا تحفظ دیتے ہیں۔

 

 

امریکی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کورونا کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی جا رہی ہے تاہم روزانہ ہونے والی مریضوں کی اموات کی تعداد میں تاحال کمی نہیں آئی ہے ۔ امریکہ میں امراض پر قابو پانے کے مرکز کے ڈائریکٹر کاکہنا ہے کہ "مریضوں کے ہسپتالوں میں لانے جانے کی تعداد تاحال زیادہ ہے جس کے ملک کے بعض حصوں میں صحت کے نظام اور محکمہ صحت کے کارکنوں پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔”

خیال رہے کہ امریکہ میں سب سے پہلے عالمی وبا کے خلاف ویکسین کی تیاری کے بعد کروڑوں شہریوں کی ویکسینیشن کرائی جا چکی ہے تاہم اس کے باوجود دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکی ریاستوں میں ہوئیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے۔

امریکا میں اس وبا سے اب تک 9 لاکھ 24 ہزار 530 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 7 کروڑ 74 لاکھ 96 ہزار 860 ہو چکی ہے۔

ادھر امریکا میں بارش اور شدید برف باری کے باعث ایک لاکھ سے زیادہ گھروں اور تجارتی مراکز میں بجلی منقطع ہوگئی ۔ برفانی طوفان کے باعث انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایک ہزار سے زائد پروازوں میں خلل پڑا ۔ جنوبی روکیز سے شمالی نیو انگلینڈ کے درمیان شدید برف باری کی توقع کی جارہی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کا ایک بڑاعلاقہ برف سے ڈھک سکتا ہے ۔

Comments are closed.