تجاوزات کے خلاف آپریشن ،دکانداروں نے کارپوریشن ٹیم پرحملہ کردیا
ملتان ۔ ملتان شہر کے علاقے پراناشجاع آباد روڈ پردکانداروں اوریڑھی والوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران انسدادتجاوزات کی ٹیم پرحملہ کردیا۔میٹروپولٹین کارپوریشن ٹیم نے کمشنر ملتان جاویداخترمحمودکے حکم پرتجاوزات کے خلاف کریک ڈاون کیاتھا۔کارپوریشن کاعملہ جب پراناشجاع آبادروڈ پرپہنچاتوتجاوزات مافیا کی جانب سے انسداد تجاوزات ٹیم کو مزاحمت کا سامنا کرناپڑا۔کمشنر ملتان نے کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں کیخلاف فوری طورپر مقدمہ درج کروانے کا حکم دیاہے اورملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ کمشنر کے مطابق شہریوں کی شکایات پر تجاوزات آپریشن کیا جارہا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر کارپوریشن اقبال فرید نے بتایاکہ تجاوزات آپریشن میں 3 ٹرک سامان قبضے میں لیکر پختہ تعمیرات مسمارکردی گئیں۔انہوںنے کہاکہ سرکار کی رٹ کو چیلنج کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوںنے مزیدکہاکہ سیٹزن پورٹل، سوشل میڈیا پر شہریوں کی شکایات پر تجاوزات آپریشن کیا جارہا ہے، تجاوزات نے شہر کا حسن گہنا کر رکھ دیا ہے۔گرین کلین ملتان ڈویژن مہم کی کامیابی کیلئے تمام تجاوزات کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔ ان کے مکمل خاتمے بارے بھی لائحہ عمل تیار کیا جاچکا ہے۔شہری بھی تجاوزات مافیا کی حوصلہ شکنی کرکے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔