بھارت کی طرف سے دہشتگرد تنظیموں کی حمایت بے نقاب کرتے رہیں گے، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: : بھارت کی طرف سے دہشتگرد تنظیموں کی حمایت بے نقاب کرتے رہیں گے، اطلاعات کے مطابق آج کور کمانڈر کانفرنس میں دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی کھلے عام حمایت کو بے نقاب کیا جاتا رہے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

 

اجلاس میں افغان امن عمل پر مثبت پیشرفت اور اس کے اثرات پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مغربی سرحد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے قومی اداروں کے ذریعہ مغربی سرحد پر صورتحال معمول پر رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق جبکہ بھارتی جارحانہ عزائم کا بھی جائرہ لیا۔

فوجی سربراہان نے ملک میں تشدد کے واقعات میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشتگرد تنظمیوں کی کھلم کھلا حمایت، معصوم کشمیریوں اور مسلمانوں پر ظلم وتشدد کو بے نقاب کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

اجلاس میں کورونا وبا کے خلاف حکومتی اقدامات میں پاک فوج کے تعاون، ٹڈی دل کے حملوں کے خلاف آپریشن اور انسداد پولیو مہم پر بھی غور کیا گیا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ پاک فوج ان آپریشنز میں حکومت کو تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ کورونا وبا کے خلاف ایک قومی سوچ کے ساتھ ہی نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے۔ ہر شخص کو احتیاطی تدابیر اور اصولوں پر عملدرآمد میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 

 

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلح افواج کے سربراہان نے پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں انھیں اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔

 

 

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے معزز مہمانوں، مسلح افواج کے سربراہان کا استقبال کیا۔ اعلیٰ عسکری قیادت کو کنٹرول لائن، مقبوضہ کشمیر اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ عسکری قیادت نے پیشہ وارانہ تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

Comments are closed.