عدالت نے نیب کو کس کے خلاف تحقیقات سے روک دیا بڑی خبر آگئی
گلگت۔ (اے پی پی) چیف کورٹ گلگت بلتستان نے نیب کو چیف انجینئر گلگت رشید احمد کیخلاف تحقیقات سے روک دیا، آئندہ سماعت میں نیب حکام کو عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔ جسٹس ملک حق نواز اور جسٹس علی بیگ پر مشتمل چیف کورٹ کے ڈویژن بینچ نے رشید احمد کی جانب سے دائر توہین عدالت کیس کی سماعت کرنے کے بعد نیب حکام کو چیف انجینئر گلگت رشید احمد کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کے عمل کو عدالت کے سابقہ حکم کی خلاف ورزی قرار دیا اور نیب کے پاس چیف انجینئر کے خلاف شکایات کو باضابطہ تحقیقات میں تبدیل کرنے کے حوالے سے نیب حکام کے فیصلے کو تاحکم ثانی روکنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔ عدالت عالیہ نے اس حوالے سے آئندہ سماعت 21اکتوبر کو مقرر کی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت میں ریجنل ڈائریکٹر نیب اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب کو ریکارڈ سمیت طلب کیا ہے۔ عدالت عالیہ چیف کورٹ گلگت بلتستان نے 19اگست 2019ء کو ایک حکم نامے کے ذریعے نیب حکام کو چیف انجینئر رشید احمد کے خلاف باضابطہ تحقیقات سے روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔