سی پیک سے متعلق امریکی خدشات پر فردوس عاشق اعوان نے دیا دبنگ بیان
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سی پیک سے متعلق امریکی خدشات سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ہماری ترجیح نمبر ایک ہے، یہ راہداری پورے خطے کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ ہماری اقتصادی ترقی کا ضامن ہے، چین ہمارا قریبی دوست ہے جس نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ڈٹ کر ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے اور ایک مثال بن چکی ہے، اقتصادی زونز کے قیام سے خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا تھا کہ چین مختلف ممالک کو ایسے معاہدے کرنے پر مجبور کر رہا ہے جو اُن کےمفاد میں نہیں ہیں۔ایلس ویلز کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کو چین سے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی شفافیت سمیت سخت سوالات کرنے ہوں گے۔
ایلس ویلز نے مزید کہا کہ اگر چین اس بڑے منصوبے کو جاری رکھتا ہے تو اس سے پاکستان کی معیشت کو طویل مدتی نقصانات ہوں گے کیوں کہ اس منصوبے سے پاکستان کو کم چین کو زیادہ فائدہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک سے صرف بیجنگ کو فائدہ ہوگا، امریکا نے پاکستان کو اس سے بہتر ماڈل کی پیشکش کی تھی۔
دوسری جانب پاک چائنا انسٹیٹیوٹ کے 5 ویں میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ نے امریکی بیان کو مسترد کردیا۔چین نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو دوسرے ممالک میںمداخلت سے باز آنا چاہیے