کرکٹ بورڈ میں سیاست نہیں ہونی چاہیے،نجم سیٹھی کوایڈجسٹ کرنےکیلئےکرکٹ بورڈ کا آئین بدلا گيا،رمیز راجہ

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ کا کہنا ہےکہ نجم سیٹھی کو ایڈجسٹ کرنےکے لیےکرکٹ بورڈ کا آئین بدلا گيا-

باغی ٹی وی : اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کھیل صرف اور صرف کرکٹرز کیلئے ہے، کرکٹ بورڈ میں سیاست نہیں ہونی چاہیے،نجم سیٹھی کو لانے کیلئے پورا آئین تبدیل کردیا گیا، اس طرح کی چیزوں سے دکھ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی چوہدراہٹ کے لیے بورڈ میں آئے ہیں، انہیں کرکٹ سےکچھ لینا دینا نہیں نجم سیٹھی نےکبھی بیٹ نہیں پکڑا، یہ صرف پاکستان میں ہی ہوتا ہےکہ سیاسی بھرتی کے لیے آئين بدل دو ، جو لوگ باہر سے آکر بورڈ میں حملہ کرتے ہیں وہ اچھا نہیں ہے، نجم سیٹھی کو لانےکے لیے بورڈ میں سب کچھ بدل کررکھ دیا گیا، رات کو سوا 2 بجےٹوئٹ کر رہےہیں کہ رمیز راجہ باہر ہوگئےمجھے مبارک باد دیں۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ جب ٹیم پاکستان آرہی تھی تو آپ نے چیف سلیکٹر کو بدل دیا، مڈل آف دی سیزن آپ کہہ رہے ہیں کہ مکی آرتھر کو لےکر آئیں، یہ طریقہ نہیں کہ کرکٹرز جنہوں نےکافی ٹیسٹ کھیلے ان کو باہر نکال دیں، مجھےخطرہ ہےبہت زیادہ تبدیلیاں کرنے سےٹیم کی یکجہتی ختم نہ ہوجائے-

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تبدیلی کرنا خطرے سے خالی نہیں ، پاکستان ٹیم ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ میں اچھا پرفارم کر رہی ہے۔انگلینڈ کیخلاف سیریز ہمارے لیے ایک سبق ہے جو آپ کامیابیاں حاصل کرتے ہیں وہ آسانی سے نہیں ملتی، ہمارا اسٹرائیک ریٹ بہترین چل رہا ہے۔

بھارت کے حوالے سے سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ کرکٹ باؤنڈریز کو توڑتی ہے، بارڈر توڑتی ہے، بدمزگی وہاں سے شروع ہوئی جب ایشیا کپ ہمیں ملا، پاکستان میں کافی عرصے سے میچز نہیں ہو رہے تھے، جب میچ باقاعدگی سے ہوئے تواس لیے میں کھڑا رہا کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہی ہوگا، بھارت نے کہا کہ یہ نیوٹرل وینیو پر ہوگا پاکستان نہیں جائیں گے بھارت کے یہاں نہ آنے کے معاملے پرہم نے اسٹینڈ لیا ،جہاں پاکستان کیساتھ زیادتی ہو گی وہاں ہم اسٹینڈ لیں گے ۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بھارت سے ہمیشہ مجھے بہت پیار ملا ہے لیکن بھارت کیخلاف پاکستان کی جیت ضروری ہے۔

Comments are closed.