کرکٹ میں اپ ڈاؤن ہوتے ہیں، جتنا عوام دکھی ہوتی ہے، ہم بھی شکست پر اتنا ہی دکھی ہوتے ہیں،حارث رؤف
پرتھ: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ ابھی ختم نہیں ہوا، اگلے تمام میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
باغی ٹی وی : پرتھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا تھا 2021 کا ورلڈ کپ تو ماضی کی بات ہو گئی، یہ نیا ورلڈ کپ ہے، جیسا چاہتے تھے ویسی شروعات نہیں ہو سکی، دونوں میچز قریب آکر ہارے، کرکٹ میں اپ ڈاؤن ہوتے ہیں، جتنا عوام دکھی ہوتی ہے، ہم بھی شکست پر اتنا ہی دکھی ہوتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ:پاکستان کومسلسل دوسری شکست:زمبابوے نے ایک رنز سے ہرا دیا
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ زمبابوے سے ہارنے پر دُکھ ہوا،پرستاروں کو بھی مایوسی ہوئی۔ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے زمبابوے ہو یا نیدرلینڈز، ٹیمیں ورلڈکپ کی تیاری کرکےآتی ہیں۔ دونوں میچز میں جیت کےلیے بھرپور کوشش کی ماضی میں انہی بیٹرز نے میچز جتوائے ہیں آئندہ بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل میچز کھیل رہے ہیں، کوئی ٹیم ہلکی ٹیم نہیں ہوتی، ہر ٹیم یہاں جیتنے کے لیے آئی ہے، کسی ٹیم کو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آسان ہے، نیدرلینڈز کے خلاف بھی ہم اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: زمبابوے سے شکست کے بعد شاداب خان رو پڑے
ان کا کہنا تھا ٹیم آپس میں بیٹھ کر بات کرکے غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ابھی ٹورنامنٹ باقی ہے، کوشش کریں گے کہ اگلے میچز میں اچھا کھیلیں، دونوں میچز میں اچھا فنش نہیں کر پائے، ٹیم میں بات ہوئی ہےکہ فنشنگ کو بہتر کیسے بنایا جائے ابھی ورلڈکپ ختم نہیں ہوا، کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہے،اگلے تمام میچ جیتنے کی کوشش کریں گے ہر کھلاڑی اگلے میچز میں اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کرے گا۔
حارث رؤف کا کہنا تھا ٹیم میں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا کافی ضروری ہے، تنقید ہوتی ہے لیکن اس پر فوکس نہیں کر رہے، اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھا ہے، چھکے پڑنا یا کیچز ڈراپ ہونا سب گیم کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم نہ جیتے تو پرفارمنس کا فائدہ نہیں ہوتا، ٹیم جیتے تو مزہ آتا ہے، ایک دوسرے سے بات چیت کرنے سے کافی اعتماد ملتا ہے، لوگوں کا کام ہے کہنا، وہ تو کہتے ہیں، کھلاڑیوں پر تنقید تو ہوتی ہے لیکن ہم ٹورنامنٹ کھیلنے آئے ہیں اور ہمارا فوکس ٹورنامنٹ پر ہے، اوروں کی باتیں سننے سے بہتر ہے اپنے کھیل پر فوکس کریں۔