لاہور:رونا خوش قسمت ثابت ہوا، قلندرز کی ہار پر رونے والا بچہ ٹیم کیلیے خوش قسمتی کی علامت ثابت ہوا،اطلاعات کے مطابق لاہو قلندرز کی ہار پر جذباتی ہو کر رونے والا بچہ عبدالاحد ناصر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں قلندرز کے لیے خوش قسمتی کی علامت بن گیا۔
پی ایس ایل 5 میں گزشتہ روز لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کر کے ایونٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔اس سے قبل لاہور قلندرز تین میچز کھیل چکی تھی اور تینوں میں اسے ناکامی کا سامنا رہا جس سے مداح بھی مایوس ہوئے تھے۔عبدالاحد ناصر نامی ایک بچہ بھی ہے جو لاہور قلندرز کی ٹیم کو سپورٹ کرتا ہے مگر ایونٹ میں اپنی ٹیم کی مسلسل تیسری ہار برداشت نہ کر سکا اور دھاڑیں مار کر رونے لگا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔
لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد نہ صرف اس بچے کو قلندرز کے کھلاڑیوں سے ملاقات کروائی بلکہ اس کے جذبے کو بھی سراہا اور آئندہ کے میچز میں جیت کر خوشیاں دینے کا وعدہ بھی کیا۔عبدالاحد کو گزشتہ روز لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے میچ میں مدعو کیا گیا تھا۔
عبدالاحد نے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اس میچ میں شرکت کی اور انتظامیہ کے ساتھ میچ دیکھا جب کہ اپنی ٹیم کو کامیاب دیکھ کر خوب خوشی بھی منائی۔لاہور قلندرز کے مداح عبد الاحد نے ناصرف میچ دیکھا بلکہ یہ ایوارڈز کی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔