سی ٹی ڈی سندھ نے سائٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے بلڈرکے قتل میں ملوث 2 سگے بھائیوں کو گرفتارکرلیا۔

کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ نے سائٹ اے کے علاقے نورس چورنگی کے قریب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے قتل واقدام قتل میں ملوث 2 ملزمان انس زاہد حسین اوردانیال علی کو گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں۔ انچارج سی ٹی ڈی مظہرمشہوانی کے مطابق گرفتار ملزمان نے چند روز قبل گلبہار تھانے کی حدود میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کارروائی کے دوران بلڈر کاشف عرف للو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

گرفتارملزمان کے خلاف گلبہارتھانے میں مقدمہ الزام نمبر 2022/264 بجرم دفعہ 34/302 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے گلبہار پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ پانچ اکتوبر کو گلبہار ناظم آباد میں فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہونے والا مقامی بلڈر اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا تھا.

پولیس نے بتایا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ ایک عمارت کو منہدم کرنے کے دوران جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا جبکہ مقتول ایس بی سی اے حکام کے ہمراہ آیا تھا۔ ناظم آباد نمبر 2 ملٹی چوک کے قریب زیر تعمیر عمارت کو منہدم کرنے کے لیے ایس بی سی اے کا عملہ پہنچا تھا اس دوران عمارت کی اوپری منزل کو توڑنے کے دوران جھگڑا ہوا اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا۔

مقتول کی شناخت 40 سالہ کاشف ولد جمیل کے نام سے کی گئی۔ فوری طور پر فائرنگ میں ملوث کسی کی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی جبکہ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے کئی خول ملے تھے، اس موقع پر کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کیا گیا تھا۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقتول کاشف مقامی بلڈر تھا جو کہ ایس بی سی اے حکام کے ہمراہ عمارت گرانے کے لیے آیا تھا ۔ واردات کے حوالے سے موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایس بی سی اے کا عملہ ایک زیر تعمیر مکان کی دوسری منزل پر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دکھائی دے رہا کہ اس دوران گلی کے کونے پر شور شرابہ ہوا اور لوگ اس جانب بھاگے تو اچانک فائرنگ شروع ہوگئی اور موقع پر موجود افراد میں بھگڈر مچ گئی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا تھا.
مزید یہ بھی پڑھیں؛ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے کہا سبسڈیز نہیں دینی چاہئیں. وزیر خزانہ
بنوں:سیکورٹی فورسزکا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن:ایک دہشت گرد ہلاک
ڈاکٹرمحمد بن عبدالکریم الیسہ کےدورہ سےپاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے: طاہراشرفی
مقتول نارتھ ناظم آباد کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ بتایا گیا تھا جبکہ ذرائع کا کہنا تھا کہ جس گراؤنڈ پلس 2 عمارت کو غیر قانونی قرار دے کر توڑا جا رہا تھا وہ انس اور علی نامی بھائیوں کی تھی۔ بعد ازاں قتل کا مقدمہ گلبہار پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں الزام نمبر 264/22 بجرم دفعہ 302/34 کے تحت درج کرلیا تھا ۔ مقدمے میں 2 افراد انس اور علی کو نامزد کیاگیا ۔ مدعی کا کہنا تھا کہ اس کے بھائی کا ان دونوں افراد کے ساتھ مذکورہ پلاٹ پر تنازع چل رہا تھا ۔

Shares: