داعش کے خلاف سعودی عرب کا اہم اعلان

0
40

داعش کے خلاف سعودی عرب کا اہم اعلان

باغی ٹی وی :سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے ایک بار پھر اس موقف کو دہرایا ہے کہ سعودی عرب دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ تنظیم اور اس کے ذیلی گروہوں کے خاتمے کے سلسلے میں سعودی عرب ہر ممکن کوشش کرے گا۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی "ایس پی اے” کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے یہ بات داعش تنظیم کے خلاف سرگرم بین الاقوامی اتحاد کے رکن ممالک کے وزراء کے ایک چھوٹے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ یہ اجلاس جمعرات کے روز وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر شہزادہ فیصل کا کہنا تھا کہ "مملکت سعودی عرب اس اتحاد کے رکن ممالک کو انسداد دہشت گردی کے میدان میں اپنے تجربے میں شریک کرنے، دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے، انتہا پسندی کے خلاف لڑنے اور رواداری اور کشادہ دلی کی اقدار پھیلانے کے لیے تیار ہے۔ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ سعودی عرب، امریکا اور اطالیہ کی مشترکہ قیادت میں ایک ورکنگ گروپ داعش تنظیم کی فنڈنگ کے سُوتے خشک کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے
واضح رہے کہ پاکستان میں‌بھی داعش کے خلاف آپریشن جاری ہے . اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کراچی اور وفاقی انٹیلیجنس ادارے نے مشترکہ آپریشن کیا ہے

آپریشن کے دوران داعش سے وابستہ دہشتگرد گرفتار، ملزم سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔گرفتار ملزم سکندر خان ولد کامل جان ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے انٹیروگیشن کے دوران 2019 سے پہلے تحریک طالبان پاکستان سے وابستگی کا اعتراف کیا۔
2013 میں ملزم کراچی میں دہشتگردی سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل بھیجا گیا جسے بعدازاں مردان جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ مردان جیل سے دہشتگردی کے مقدمات میں سزا کاٹنے کے بعد گرفتار ملزم سکندر نے 2019 میں دہشتگرد تنظیم داعش سے وابستہ ہو کر کراچی شہر میں ساتھیوں کی مدد سے بھتہ خوری شروع کر نے کا انکشاف کیا۔

ملزم نے پی آئی بی تھانے کی حدود میں ڈاکٹر سراج کو بھتے کی پرچی بھیجی، بھتہ ناں دینے پر ڈاکٹر سراج پر فائرنگ اور کلینک پر بم سے حملہ کر نے کا اعتراف کیا۔ ملزم کیخلاف تھانہ پی آئی بی میں مقدمہ نمبر 68/2020 اور 84/2020 دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

گرفتار ملزم نے تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں حلیم نامی شہری سے بھی بھتہ طلب کیا جسکا مقدمہ نمبر 288/2020 دہشتگردی سمیت بھتے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ گرفتار ملزم نے شہر بھر میں بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین نوعیت کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا۔

Leave a reply