ننکانہ صاحب آل پاکستان درجہ چہارم ملازمین ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمد ریاض قادری کی جانب سے آل محکمہ جات کابینہ کاا انتخاب کیا گیاجس کا عرصہ معیاد ایک سال ہوگا،نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ان خیالات کااظہار آل پاکستان درجہ چہارم ملازمین ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر مظہر اسلام وٹو نے تحصیل کونسل ہال میں منعقدہ مشترکہ اجلاس کے دوران صوبہ پنجاب کے صدر محمد ریاض قادری کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ممبر سوشل میڈیا مرزا محمد امین بیگ سمیت آل پاکستان درجہ چہارم کے ضلعی سطح سے تعلق رکھنے والے ملازمین بھی موجود تھے ۔ضلعی صدر مظہر اسلام وٹو نے کہاکہ ضلعی سطح پر کابینہ کا انتخاب کرلیا گیا ہے جس میں محکمہ تحصیل کونسل سے تعلق رکھنے والے ذولقرنین حیدر سینئر نائب صدر، محکمہ ریونیو سے مبشر حسین چیئرمین،محکمہ تعلیم سے محمد افضل وائس چیئرمین،محکمہ ریونیو سے ملک یاسر نائب صدر، محکمہ ریونیو سے کامران صادق سیکرٹری جنرل، محمد شعیب فنانس سیکرٹری، بلال شاہ پریس سیکرٹری محکمہ صحت، محمد امجد رابطہ سیکرٹری جبکہ بشارت مسیح آفس سیکرٹری مقرر کیے گئے ہیں۔

ضلعی صدر مظہر اسلام وٹو کا کہنا تھا کہ جو عہدیدار درجہ چہارم ملازمین کے حقوق کے تحفظ سے غفلت و لاپرواہی اور ایسوسی ایشن ہذا کے آئین کی خلاف ورزی کرے گا ان کی رکنیت اور عہدہ معطل کردیا جائے گااور اسے کسی بھی معزز عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا،یہ عہدیداران اس ایسوسی ایشن کے آئین کے مطابق 60دن کے اندر حلف لینے کے پابند ہونگے۔

Shares: