ڈسکہ: مراکش کشتی حادثہ، 2 نوجوان زندہ بچ گئے، انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ڈسکہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک عمران)مراکش میں کشتی حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں ڈسکہ کے نواحی دیہات بڈھا گورائیہ اور بھروکی کے دو افراد زندہ بچ جانے والوں میں شامل ہیں۔ ان کے اہل خانہ غم سے نڈھال اپنے پیاروں کی واپسی کی منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بڈھا گورائیہ کے رہائشی ارسلان، جو تین بھائیوں اور پانچ بہنوں میں سے ایک ہیں، اس حادثے میں زندہ بچ گئے ہیں۔ ان کی ماں اپنے زخمی بیٹے کی راہ دیکھتے ہوئے صدمے سے دوچار ہیں۔ دوسری جانب ارسلان کے بہنوئی عرفان جو نواحی موضع بھروکی کے رہائشی ہیں، کا چار سالہ بیٹا اور اہلیہ ان کے انتظار میں ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق ارسلان اور عرفان کو انسانی اسمگلنگ کا شکار بنا کر مراکش لے جایا گیا تھا، جہاں انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ارسلان شدید زخمی حالت میں ہے۔
اہل خانہ نے بتایا کہ انہوں نے بڈھا گورائیہ کے ایک ایجنٹ اصغر کو ارسلان اور عرفان کو ہوائی جہاز کے ذریعے اسپین پہنچانے کے لیے 80 لاکھ روپے دیے تھے۔ لیکن یہ خواب ایک بھیانک حقیقت میں تبدیل ہوگیا۔
اہل خانہ نے وزیراعظم میاں شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں نشان عبرت بنایا جائے تاکہ مزید خاندان ایسے سانحات کا شکار نہ ہوں۔
شہریوں نے حکومت سے متاثرین کو انصاف دلانے اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔