نورپورتھل (نمائندہ باغی ٹی وی ) ڈپٹی کمشنر خوشاب میڈم مسرت جبیں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی قصبہ پیلووینس میں بنیادی طبی مرکز کے اچانک دورہ کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوۓ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مراکز صحت میں طبی عملہ کے تقرر اور ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی کے حکومتی مستحسن اقدامات سے عوام کو بھرپور ریلیف مل رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب نے کہا کہ وزیر اعلی ا پنجاب عثمان بزدار ہیلتھ سیکٹر پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں جس کے ثمرات سے پسماندہ اور دورافتادہ علاقوں کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ میڈم مسرت جبیں نے کہا کہ چیف منسٹر ہیلتھ ریفارمز کے تحت ہسپتالوں میں طبی عملہ کی حاضری کی چیکنگ اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کے حوالے سے ضلع بھر میں مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب نے بی ایچ یو پیلووینس میں میڈیل سٹاف ودیگر عملہ کی حاضری چیک کی ، صفائی کے نظام کاجائزہ لیا اور میڈیکل سٹور ودیگر شعبوں کا معیار بھی چیک کیا۔