ڈی سی ننکانہ راجہ منصور احمد کااسسٹنٹ کمشنر صولت حیات وٹو کے ہمراہ ڈی ایچ کیوہسپتال کا دورہ

ننکانہ صاحب: نمائندہ باغی ٹی وی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پرضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو صحت کی بہترین،بروقت اورمفت سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ہسپتال میںمریضوں کو بہترین علاج، تشخیص کیساتھ مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے،ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف ودیگر عملہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اپنی ڈیوٹی کو سو فیصد یقینی بنائیں تاکہ عوام الناس حکومت پنجاب کی جانب سے مہیا کی جانے والی سہولیات سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ سٹی صولت حیات وٹو کے ہمراہ مریضوں اور انکے لواحقین کو مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر اسفند یار،ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف ودیگر محکمہ صحت کے افسران وہلکاران بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمدنے مریضوں کے وارڈ،ایمرجنسی وارڈ،ڈائلسزسنٹر کے علاوہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات سمیت صفائی ستھرائی اورسیکورٹی کاجائزہ لیا، مریضوں اور انکے لواحقین کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پرایم ایس ڈی ایچ کیوہسپتال ننکانہ صاحب ڈاکٹر اسفند یار نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد کوڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات بارے تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال کے عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے، مریضوں کو بہترین علاج، تشخیص کے ساتھ ساتھ مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Comments are closed.