سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اچانک تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پسرور کا دورہ کیا اور ڈاکٹروں و عملے کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے علاج کے لیے آئے ہوئے شہریوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کے بارے میں دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایس او پیز کے تحت ضروری ادویات کی ہر وقت دستیابی اور مریضوں کو بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب ادویات کی فہرستیں اور ڈاکٹروں و عملے کا دن رات کا ڈیوٹی روسٹر ہسپتال کے نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ باقاعدگی سے ہسپتالوں کا معائنہ کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ وہ ٹی ایچ کیو سمیت پسرور کے تمام دیہی اور بنیادی صحت مراکز کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنر نے پسرور شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ایس ڈبلیو ایم سی کے مقامی حکام کے ہمراہ جلد شہر کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار حکام کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوامی تفریح کے مقامات اور پبلک پارکس کو صاف ستھرا رکھنے اور شہر کی گرین بیلٹس اور چوکوں کو پودوں اور گھاس سے آراستہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اپنے دورے کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے کیڈٹ کالج پسرور اور اسپیشل ایجوکیشن سنٹر پسرور کا بھی معائنہ کیا اور مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا دورہ کیا۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے پسرور روڈ پر واقع افغان سٹیزن کیمپ کا بھی دورہ کیا اور وطن واپسی کے لیے جاری مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میپ کیے گئے تمام افغان شہری وزارت داخلہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے باعزت طریقے سے اپنے وطن واپس جائیں گے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ افغان کیمپ میں ان کی باعزت واپسی کے لیے ہر ممکن بہترین رہائشی سہولیات اور کھانے پینے کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔








