نیپال اور بھارت میں آنے والےشدید زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

0
146

اترپردیش:نیپال میں 6.6 شدت کے شدید زلزلے سے کم از کم 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، زلزلے کے جھٹکے دہلی سمیت بھارت کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے۔

نیپالی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق بدھ کے روز اولین ساعتوں میں 6.6 کی شدت کا زلزلہ آیا، جس میں کم از کم چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

زلزلے کا مرکز بھارتی صوبے اُترپردیش کے شہر پیلی بھیت سے 158 کلومیٹر دور اور نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 340 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دیپایل قصبہ تھا، بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ علی الصبح تقریباً ایک بج کر 57 منٹ پر آیا۔

زلزلے کے جھٹکے دہلی سمیت شمالی بھارت کے متعدد شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔

نیپالی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.6 تھی اور پچھلے 24 گھنٹے میں زلزلے کے 3 جھٹکے محسوس کئے جاچکے ہیں۔

نیپالی میڈیا کے مطابق زلزلے سے دوتی ضلع میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، درجنوں مکانات منہدم ہوگئے، جس میں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

نیپالی حکام کے مطابق کم از کم 5 افراد بری طرح زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ وہ جانی اور مالی نقصانات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیپالی وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے زلزلے سے ہونیوالی ہلاکتوں پر اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں نے متعلقہ ایجنسیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ زخمیوں اور دیگر متاثرین کے فوری اور مناسب علاج کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔

دہلی کے اطراف کے شہروں غازی آباد، گروگرام اور لکھنؤ تک میں لوگ زلزلے کے جھٹکے کی وجہ سے گھبرا کر نیند سے جاگ گئے۔

بھارت کے قومی سسمولوجی مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 تھی، بھارت میں ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

خیال رہے کہ ہمالیائی ریاست نیپال میں زلزلے آتے رہتے ہیں۔ اپریل 2015ء میں 7.8 شدت کے بدترین زلزلے میں تقریباً 9 ہزار افراد ہلاک، ہزاروں افراد زخمی اور 5 لاکھ سے زائد مکانات منہدم ہوگئے تھے۔

Leave a reply