کراچی:کامیابیوں کا سفرجاری:اسکردو ہوائی اڈے کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ،اطلاعات کے مطابق اسکردو ہوائی اڈے کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دینے کے حوالے سے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے ایوی ایشن ڈویژن کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے ،

ذرائع کے مطابق اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسکردو ہوائی اڈے کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دیا جارہا ہے ، جس کے لیے اسکردو کو پاکستان میں عالمی پروازوں کے روٹس سے جوڑنا ہے ، اس اقدام کی بدولت عالمی پروازوں کی آمد سے سیاحت کو فروغ اور زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا،جس کے تحت اسکردو ایئرپورٹ معاہدوں کے تحت نامزد غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے دستیاب ہوسکتا ہے۔

دوسری طرف ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک دن میں اسکردو ائیرپورٹ پر6 شیڈول پروازوں نے لینڈنگ کی ، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ترجمان کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے وژن اور وزیر ہوابازی کی ہدایات کی روشنی میں پی آئی اے نے شمالی علاقہ جات کی پروازوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ،

 

 

اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ 24 جولائی کو اسکردو ائیر پورٹ پر اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سے 6 پروازیں پہنچیں اور6 روانہ ہوئیں۔

اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نےکہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات دنیا کے خوبصورت ترین علاقے شمار ہوتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ ان علاقوں کو پورے پاکستان اور پوری دنیا کیلئے کھولا جائے۔

واضح رہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پی آئی اے نے گزشتہ دنوں کراچی سے اسکردو کی پروازوں کا آغاز کیا تھا، تاریخ میں پہلی بار پی آئی اے کی کراچی سے اسکردو کی پرواز لینڈ کر گئی تھی،

یاد رہے کہ 7ہزار فٹ بلندی پر واقع اسکردو ایئرپورٹ کا شمار دنیا کے بلندترین ایئرپورٹس میں ہوتا ہے۔

Shares: