اسلام آباد: بلدیاتی الیکشن میں شکست:عمران خان نے پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں تحلیل کردیں :کارکنان فیصلے پرخوش وزیراعظم نے ملک بھر میں تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دی ہیں، آئینی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، آئندہ مقامی قیادت کسی امیدوار کے رشتہ دار کی نامزدگی کا فیصلہ نہیں کرے گی جبکہ عمران خان نے آئندہ ٹکٹوں کی خود تقسیم کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیر بلدیات محمود الرشید، سینیٹر سیف اللہ نیازی، عامر کیانی، وفاقی وزراء فواد چودھری، حماد اظہر، شفقت محمود، خیبرپختونخوا سے وزیر اعلیٰ محمود خان، اسد قیصر، پرویز خٹک، مراد سعید سمیت پارٹی کے سینئر رہنما اور دونوں صوبوں کی اہم قیادت بھی اجلاس میں موجود تھی۔

اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب و خیبر پختون خواہ کے بلدیاتی انتخابات پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی کے کی سیاسی صورتحال پرغور کیا گیا جبکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی گئی، نیز خیبر پختونخوا کے انتخابی نتائج سے متعلق رپورٹ کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اور آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے کر لئے گئے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلی کے پی محمود خان کو صوبے میں پارٹی کارکنان کو منظم کرنے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کی تمام تنظیموں کو تحلیل کردیا، تمام ممبران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تمام صوبوں میں نمائندگی ہے، تمام پارلیمانی بورڈ بھی تحلیل کردیے گئے ہیں۔وزیراعظم کے اس اقدام کے بعد ملک بھر میں نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سپریم سیاسی کمیٹی کے سربراہ ہیں، پنجاب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، گورنرچوہدری سرور، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، عامر محمود کیانی، سیف اللہ نیاری خیبر پختونخوا سے وزیراعلیٰ محمود خان، پرویز خٹک، اسد قیصر، علی امین گنڈا، سندھ سے اسد عمر، عمران اسماعیل، علی زیدی، بلوچستان سے قاسم سوری، گورنر آغا ظہور جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، اعجاز چودھری اور شیریں مزاری کو بھی کمیٹی میں نمائندگی دی گئی ہے۔

ادھر سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنان نے کپتان کے اس فیصلے کو پسند کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے پارٹی مضبوط ہوکرسامنے آئے گی اور پچھلی غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹے گی

Shares: