دہشت گردوں کو امن تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ،آرمی چیف
باغی ٹی وی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو امن تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مقصد کے حصول تک ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے عید کا دوسرا دن بھی مغربی سرحد پر تعینات افسروں اور جوان کے ساتھ گزارا۔ جنرل باجوہ نے خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ کا دورہ کیا۔ کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پاک افغان بارڈر پرسیکورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔ سپہ سالار نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ جبکہ انسداد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔
اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ شہداء نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کی عظیم قربانی دی۔ دہشت گردوں کو امن تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ قربانیوں اور سخت مشکلات کے بعد اس علاقے میں امن قائم ہوا ہے۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مقصد کے حصول تک ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے