شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے بنیادی مرکز صحت چھاپہ مینارہ کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت میں زیر علاج مریضوں کی عیاد ت کی اور ان سے علاج معالجہ کی سہولیات کے متعلق دریافت کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت میں تعینات ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کے حاضری رجسٹر کو بھی چیک کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران علاقہ مکینوں کے لئے وافر پولیو ویکسین کا بندوبست رکھا جائے اور علاقہ کا کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نومولود بچوں کو لگنے والے حفاظتی انجیکشن کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے، علاقے کی خواتین کے لئے سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے اور زچگی کو احسن طریقے سے سر انجام دینے کے لئے تمام ضروری سہولیات کا بندوبست کیا جائے ۔ اس موقع پر یوسی ایم او زوالفقار علی نے ڈپٹی کمشنر کو پولیو ٹیموں کو درپیش مسائل کے متعلق آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع شیخوپورہ کے تمام بنیادی مراکز صحت میں بہترین طبی سہولیا ت کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے بنیادی مرکز صحت چھاپہ مینارہ میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور مہم کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی

Shares: