ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر) ڈسٹرکٹ کورٹ ڈیرہ غازی خان میں پیشی کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ تھانہ سول لائن پولیس کو اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ عامر ولد افضل قوم کشانی، سکنہ موضع مندوس دراہمہ، نے عدالت کے احاطے میں دلاور ولد سلطان قوم کشانی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دلاور زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کیا۔
واقعے کے فوراً بعد ڈی ایس پی سٹی رانا اقبال، سب انسپکٹر سیف اللہ ارشد اور تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف جائے وقوعہ کا کنٹرول سنبھالا بلکہ ملزم عامر کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن بختیار احمد خان بھی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے اور تفتیشی کارروائی کی براہِ راست نگرانی کی۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد مقدمہ نمبر 299/23 بجرم 302 تھانہ دراہمہ کے سلسلے میں عدالت میں پیش ہوئے تھے اور ان کے درمیان پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عدالتوں میں سیکیورٹی انتظامات پر بھی نظرثانی کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔