پنجاب پولیس کا دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن، دو خوارجی دہشت گرد جہنم واصل
ڈیرہ غازی خان/تونسہ شریف(باغی ٹی وی رپورٹ) پنجاب پولیس نے خیبر پختونخواہ بارڈر پر دہشت گردوں کے چار حملوں کو ناکام بناتے ہوئے ایک شاندار آپریشن میں دو خطرناک دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق،خفیہ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد پنجاب میں کسی حساس مقام پر حملہ کرنے کی سازش رچ رہے تھے۔ پولیس نے تونسہ شریف میں ایک انکاؤنٹر میں دہشت گردوں کو گھیر لیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایس ایچ او وہوا صادق برمانی اور ایک اور اہلکار زخمی ہوگئے۔
دہشت گردوں نے ہینڈ گرنیڈ اور بھاری اسلحہ سے پولیس پر حملہ کیا لیکن پولیس کی بہادری اور بروقت کارروائی سے دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے موقع کا معائنہ کرنے کے بعد زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی بہادری پر انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق پولیس دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔
ڈی پی او سید علی نے بتایا کہ علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے اور دہشت گردوں کو کسی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔