ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) انٹرنیشنل انٹی کرپشن ڈے پر ریلی اور سیمینار
ڈیرہ غازیخان میں عالمی یوم انسداد رشوت ستانی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے سیمینارز اور ریلیوں کا اہتمام کیا۔ کمانڈنٹ اسد چانڈیہ نے قیادت کی، جبکہ ڈویژنل اور ضلعی افسران، چیمبر آف کامرس کے عہدیدار، تاجر برادری، اساتذہ، طلباء، اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر آفس سے کچہری چوک تک نکالی جانے والی مرکزی ریلی کی قیادت پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ نے کی۔ ریلی میں شریک افراد نے کرپشن کے خلاف مختلف نعرے درج پینا فلیکس اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسد چانڈیہ نے کہا کہ کرپشن ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے تمام افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ انصاف اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔
مقررین نے کرپشن کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔