ڈیرہ غازیخان: ٹیچنگ ہسپتال میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے احکامات
ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی ،نامہ نگار شہزادخان)ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ڈیرہ غازیخان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کرکے ہدایت کی ہے کہ ہسپتال میں زیر تعمیر زچہ بچہ ہسپتال، او پی ڈی اور ایمرجنسی ہسپتال کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے آئی وارڈ کو ایک ہفتے کے اندر فنکشنل بنانے اور ہسپتال کے سیوریج سسٹم کو نئی پائپ لائن کے ساتھ منسلک کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں زیر التوا فنڈز کی دستیابی کے لیے باقاعدگی سے پیروی کی جائے تاکہ ترقیاتی کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے تعمیراتی کاموں اور دیگر مفاد عامہ کے منصوبوں میں میٹریل کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کاموں پر موثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم اور ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن عامر قیصرانی نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔
یہ اقدام ڈیرہ غازیخان کے شہریوں کے لیے خوش آئند خبر ہے کیونکہ اس سے ہسپتال میں مریضوں کو بہتر سہولات میسر ہوں گی۔