ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈیرہ غازی خان میں نیشنل پیس کونسل آف پاکستان ڈیرہ غازی خان کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین این پی سی پی ظفر احمد چنگوانی نے کی۔ اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل، عہدیداران کی تقریب حلف برداری، مرکزی قیادت کی آمد اور ڈیرہ غازی خان کی امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں حاجی عبد العزیز عمرانی، رانا حاجی نذیر، میاں عبد الرحمن بودلہ، محمد خالد چشتی اور ڈاکٹر محمود شیخ سمیت اہم عہدیداران نے شرکت کی۔ چیئرمین محمد ظفر چنگوانی نے باڈی کے عہدے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈیرہ غازی خان میں فساد پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکام بنا کر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے جس طرح شہر کا امن بحال کیا وہ قابل تحسین عمل ہے۔ انہوں نے آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی ایس پی سٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر نیشنل پیس کونسل آف پاکستان کے میڈیا ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود شیخ نے فعال اور متحرک کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جلد شہر میں قیام امن کے سلسلے میں بھائی چارے، محبت اور امن کے فروغ پر امن واک کرکے اشتعال انگیزی اور شرپسندی پھیلانے والوں کے منصوبے ناکام بنائیں گے۔