جامعہ اشرفیہ لاہو رکے شیخ الحدیث اور اسلامک سینٹر مانچسٹر انگلینڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علامہ خالد محمود وفات پاگئے

5 سال قبل
تحریر کَردَہ

لاہور :عالم اسلام کی عظیم علمی شخصیت،جامعہ اشرفیہ لاہو رکے شیخ الحدیث اور اسلامک سینٹر مانچسٹر انگلینڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علامہ خالد محمود جو گزشتہ دنوں مانچسٹر (برطانیہ) میں گرنے سے کولہے کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے مانچسٹر کے ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ آج تقریبا 95سال کی عمر میں انتقال کرگئے ،

باغی ٹی وی ذرائع کے مطابق علامہ ڈاکٹر خالد محمود، پاکستان سپریم کورٹ کے سابق جسٹس اور عقیدہ ختم نبوت سمیت سینکڑوں کتابوں کے مصنف تھے جبکہ انہوں نے صدر ضیاء الحق مرحوم کے دور میں ساؤتھ افریقہ میں پاکستان کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے قادیانیوں کو عدالتی طور پر وہاں غیر مسلم قرار دلوانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔

جامعہ اشرفیہ لاہور کے قدیم فاضل اور شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر خالد محمود جامعہ اشرفیہ کے بانی حضرت مولانا مفتی محمد حسنؒ کے محبوب شاگردوں میں سے تھے مرحوم کی تمام زندگی تحقیق و تصنیف، درس و تدریس، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، دفاع ناموس صحابہؓ، دین کی خدمت اور اسلام کی اشاعت میں گزری۔ انہوں نے تین بیٹے دو بیٹیاں ہزاروں شاگرد اور لاکھوں عقیدت مندسوگوار چھوڑے ہیں۔

جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید، حافظ اسعد عبید، حافظ اجود عبید، مولانا محمد اکرم کاشمیری، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا مجیب الرحمن انقلابی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ڈاکٹر خالد محمود کی وفات عالم اسلام کے لئے بہت بڑا سانحہ اور صدمہ ہے ان کی اسلام، پاکستان اور اشاعت دین کے لئے خدمات ناقابل فراموش اور تاریخ کا روشن حصہ ہے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Latest from پاکستان