ضلعی انتظامیہ خوشاب کا محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی اجلاس
سرگودہا،خوشاب (نمائندہ باغی ٹی وی )ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبیں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام اور یوم عا شور کے موقع پر روایتی امن کو قائم رکھنے کے لئے تمام ممکنہ انتظامات کئے جائیں گے اور کسی کو امن میں خلل ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ وہ اپنے آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان خیالات کااظہار کر رہی تھیں۔ اجلاس میں ایم پی اے ساجدہ بیگم،ڈی پی او را نا شعیب محمود، اے ڈی سی (جی) نادیہ شفیق،اے ڈی سی(آر) عدیل حیدر، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب افتخار احمد بلوچ، ڈی ایس پی سپیشل برانچ اکبر نیازی،کمیٹی کے ممبران اعجاز شاکری،عابد شیرازی،عنصرنائچ،مولانا زبیر،اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ ڈی پی او رانا شعیب محمود نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان اورٹریفک پلان پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دنوں میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس بھر پور طریقے سے ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ تاہم کمیٹی کے ممبران بھی امن کے قیام اور دیگر مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ اور پولیس سے تعاون کریں۔ اجلاس میں عابد شیرازی، راجہ منصور، اعجاز شاکری اور دیگر ممبران نے محرم روٹس کی ضروری مرمت، خوشاب میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، مجلس کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے سید معروف شاہ دربار پر سیکورٹی بڑھانے اور دیگر ایشوز پر بات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم سے قبل صفائی ستھرائی،روٹس کی مرمت اور دیگر کام بر وقت کر لئے جائینگے۔