سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے صدر وفاق المدارس ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر کی وفات پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبد الرزاق سکندر مرحوم کی وفات پاکستان اور دنیا بھر کے مذہبی طبقے کے لئے بہت بڑا نقصان ہے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دنیا بھر کی عالمی تحریکوں کے ساتھ ان کاگہرا رابطہ اور تعلق تھا ۔
وہ پاکستان کے مدارس ،دینی جماعتوں اور ہم سب کے لئے شجر سایہ دار تھے ۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے پلیٹ فارم سے عقیدہ ختم نبوت کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہے ۔ان کی وفات وفاق المدارس سے وابستہ ہزاروں مدارس کے لئے بڑا دھچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ایک مشفق اور مہربان دوست اور سرپرست سے محروم ہوگیا ۔
نصف صدی سے زیادہ قرآن و حدیث کے علوم کی خدمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

عربی زبان کے ساتھ ان کا لگا دیدنی تھا ۔اس دور میں وہ اکابر کی روایتوں کے امین تھے ۔دنیا بھر اور پاکستان میں ان کے ہزاروں شاگردوں ، متعلقین اور خصوصا ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں ۔میں خود کو اس موقع پر تعزیت کا مستحق سمجھتا ہوں ۔ڈاکٹر صاحب کے صاحبزادگان اور دیگر پسماندگان کے غم میں برابر کا شریک ہوں ۔دعا ہے کہ اللہ پاک ڈاکٹر صاحب کی کامل مغفرت فرمائے ،اپنے شایان شان اعزاز و اکرام سے نوازے ،اعلی علیین میں مقام عطا فرمائے اور بشری لغزشوں سے درگذر فرمائے اللہ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور تمام سو گواروں کو اس عظیم سانحہ پر صبر کرنے کا پورا پورا اجر عطا فرمائے ۔

Shares: