لاہور:ڈوریں پھرتی رہیں،گردنیں کٹتی رہیں ، حکام بیان دیکرحق ادا کرتے رہے ،7 سالہ بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی، اطلاعات کےمطابق ایک اور بچہ دوسروں کی پتنگ بازی کے شوق کی زد میں آ گیا، وحدت کالونی میں 7 سالہ بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی۔
پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود ڈور گلے پر پھرنے سے ہونے والے افسوس ناک واقعات کا سلسلہ جاری ہے، آج پھر لاہور کے علاقے وحدت کالونی میں ایک بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی۔ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ بچے کو واقعے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی، اسپتال میں بچے کو بروقت طبی امداد ملنے کے باعث اس کی جان محفوظ رہی۔
ذرائع کے مطابق 7 سالہ ابوبکر والد کے ساتھ گھر کا سامان لینے جا رہا تھا، کہ راستے میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھر گئی، جس سے گلا کٹ گیا اور خون بہنے لگا، تاہم والد نے اسے فوراً اسپتال پہنچا دیا۔
یاد رہے کہ 17 نومبر کو لاہور میں ایک اور قیمتی جان پتنگ بازی کی بھینٹ چڑھ گئی تھی، مغل پورہ میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، ریسکیو کا کہنا تھا کہ 40 سالہ عامر موٹر سائیکل پر صدر بازار جا رہا تھا کہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ جس علاقے میں پتنگ بازی ہوئی وہاں کے متعلقہ پولیس افسران ذمے دارہوں گے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایس ایچ او مغل پورہ کو معطل کر کے لائن حاضر بھی کیا گیا، 20 اکتوبر کو بھی لاہور کے علاقے ساندہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا تھا۔







