درآمدات پر پابندی ایک غلط اقدام تھا، وزیر تجارت
فاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران یہ اعتراف کیا ہے کہ درآمدات پر پابندی لگانا ایک غلط اقدام تھا.
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ: حال ہی میں ہم نے غلط سمت میں جاتے ہوئے درآمدات پر پابندی عائد کردی مگر یہ قدم انتہائی صورتحال میں اٹھایا گیا تھا۔ وزیرتجارت نے کہا کہ پابندی کی مدت 18جولائی کو ختم ہورہی ہے اور وہ اس میں توسیع کی مخالفت کریں گے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز وزارت تجارت کے اختیار میں نہیں ہے۔
سیدنوید قمر کا کہنا تھا کہ: درآمدات پر پابندی سے نقصان ہوا ہے اور جلد یا بدیر ہمیں پابندی کو ختم کرنا پڑے گا۔ 19 مئی کو وفاقی کابینہ نے 41 اشیاء کی درآمد پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کردی تھی۔
وفاقی وزیرتجارت نے کہا کہ درآمدات پر پابندی کوئی دانشمندانہ فیصلہ نہیں تھا مگر اس کا مقصد درآمدات میں وقتی طور پر کمی لانا تھا۔
ایکسپریس نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق: وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل درآمدات پر پابندی کے خلاف تھے اور چاہتے تھے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی میں نمایاں اضافہ کردیا جائے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منگل کے روز ان درآمدی اشیاء کی کلیئرنس کی اجازت دے دی تھی جو 30جون تک درآمد کی گئی ہوں۔