کراچی پریس کلب میں ایسوسی ایشن آف کیمرہ جرنلسٹ کے زیر اہتمام ڈرون ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں وی ٹول کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید عظمت اللہ نے تربیتی ورکشاپ میں ڈرون آپریٹنگ سسٹم اور مختلف شعبوں میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے.

انہوں نے ڈرون آپریٹنگ سسٹم کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرونز صرف میڈیا کے لیے مخصوص نہیں بلکہ ہم اس ٹیکنالوجی سے لینڈ سروے کر سکتے ہیں، زمینی راستوں کے لیے ترقیاتی اسکیمیں بناتے وقت ہم ان ڈرونز سے مدد لے سکتے ہیں، ڈرون کی کوریج کے لیے ایک خصوصی اجازت نامہ ہوتا ہے جس کا ٹائم بھی محدود ہوتا ہے، ڈرون آپریٹنگ سسٹم سے وابستہ ڈرون پائلٹس کے پاس تربیت کا ایک لائسنس ہوتا ہے جسے وزرات دفاع و ہوا بازی سے سرٹیفائیڈ کیا جاتا ہے، یہ ٹیکنالوجی اس وقت زرعی شعبے میں کافی استعمال ہو رہی ہے.

انہوں نے کہا کہ ڈرون استعمال کرنے سے قبل ہم نو فلائی زون سمیت دیگر تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لاتے ہیں جو سیکورٹی و حفاظتی ضمانت کا باعث بن سکیں. انہوں نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاءکے لیے فری تربیت کے ساتھ سرٹیفکیٹ کورس کروانے کا اعلان کیا اور دلچسپی رکھنے والے افراد ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں، اس طرح آپ ڈرون پائلٹ کی حیثیت سے اپنا کیریئر شروع کر سکتے ہیں ۔معروف میڈیا ڈرون آپریٹر فرحان گل نے اپنے تجربات کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل بھی ڈرون کے ساتھ کور کر چکے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس میڈیا انڈسٹری میں تربیت یافتہ ڈرون آپریٹر کا فقدان ہے، فین ٹم سیریز اور DJI ڈرون بہت مشہور ہیں ۔

انہوں نے ڈرون آپریٹنگ کا طریقہ کار بیان کیا جسے شرکا ءنے بے حد پسند کیا. جنرل سیکریٹری اے سی جے فرحان الیاس نے کہا کہ میں ان نوجوانوں کی کاوشوں کو سراہتا ہوں آج کی تربیتی ورکشاب میں شرکاءکے سوالات سے یہ اندازہ ہوا کہ آپ کی مکمل دلچسپی اس تربیتی ورکشاپ میں شامل تھی، ایسوسی ایشن آف کیمرہ جرنلسٹ اپنے منشور پر عمل پیرا ہے اور ہم تربیت کے تسلسل کو آگے بھی جاری رکھیں گے ۔
صدر اے سی جے محمد کاشف نے کہا کہ پہلی مرتبہ اس طرح کی ورکشاپ کراچی پریس کلب میںمنعقد کی گئی ہے جس میں پروفیشنلزکو مدعو کیا گیا، آپ نے ڈرون کو ہوا میں اڑتا ہوا عملی مظاہرہ بھی دیکھا وڈیو جرنلسٹ کے پروفیشنل اسکلزمیں اضافے کے لیے ٹیم اے سی جے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔ کراچی پریس کلب کے سیکریٹری رضوان بھٹی ، سابق صدر امتیاز فاران،معروف صحافی فہیم صدیقی، سید امتیاز الحق بخاری ،طاہر حسن نے شرکاءمیں اعزازی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے ہیں.

معروف جرنلسٹ طارق ابوالحسن ، آصف محمود ، شایان سلیم، مستنصر حسین دانش اور دیگر بھی تربیتی ورکشاپ کا حصہ بنے ۔ تقریب کے اختتام پر اظہار تشکر کیا اور جوائنٹ سیکریٹری صدیق سنگھار نے نظامت کے فرائض سر انجام دیئے ہیں ۔

Shares: