خطرناک اشتہاری ملزم کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا
بیرون ملک فرار ہونے والے اشتہاری ملزم کو دبئی سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملتان سے فرار ہونے والے قمر نامی خطرناک اشتہاری ملزم کو ملتان پولیس نے دبئی سے گرفتار کر لیا، اور انٹرپول کی مدد سے پاکستان منتقل کردیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملزم قمر جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، اور عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیا جاچکا تھا، ملزم کو مزید کارروائی کیلئے وہاڑی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بیرون ملک سے گرفتار کئے گئے اشتہاریوں کی تعداد96 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقےگلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس نے ملزم کا خاکہ تیار کرالیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاکہ سی سی ٹی وی اور عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے سے متعلق 300 لوگوں سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش کے لیے 15 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے جبکہ ان افراد میں گلی کا چوکیدار اور ایک گھریلو ملازمہ بھی شامل ہے۔ جبکہ پولیس حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی ہے،کمیٹی میں ایس پی گلشن، 2 ڈی ایس پیز اور 2 ایس ایچ اوز شامل ہیں۔
ادھر انور آباد محلے میں نامعلوم افراد نے اندھ دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق گھوٹکی کے علاقے انورآباد محلے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 10 سالہ بچی بھی شامل ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، جس میں سندرانی اور ساوند برادری کے افراد شامل ہیں، سندرانی برادری کے مسلح ملزمان نے ساوند برادری کی دکانوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، اور موقع سے فرار ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں مرنے والوں کی شناخت غوث بخش، علی اصغر اور 10 سالہ بچی بشریٰ بی بی کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ ایک راہگیر زخمی بھی ہوا۔ لاشوں اور زخمی کو سول اسپتال گھوٹکی منتقل کر دیا گیا ہے۔