دنیا بھر میں آزاد میڈیا کی اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے، ہری رام کشوری لال
صوبائی وزیر محکمہ خوراک و اقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آزاد میڈیا کی اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے، ہم سچ بولنے والوں کے حوصلے کی ستائش کرتے ہیں جنہوں نے خوف زدہ ہونے سے انکار کر دیا اور جو عام طور پر اپنی زندگیاں بھی داو پر لگا دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میرپورخاص کے دورے کے موقع پر صحافیوںسے گفتگو کے دوران کیا۔
اس سے قبل صدر پریس کلب میرپورخاص راشد سلیم،سنئیر نائب صدر نذیر پہنور، سیکریٹری جنرل شوکت پہنور اور دیگر نے صوباِئی وزیر کا استقبال کیا۔ ہری رام کشوری لال کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے معاشرے آزادی صحافت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں جبکہ صحافی برادری سچ کو سامنے لانے، طاقت کے ناجائز استعمال کی روک تھام اور اہل اقتدار سے شفافیت اختیار کرنے کا مطالبہ ادا کرتی ہے۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کی بالادستی میں صحافیوں کا کردار بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ ہری رام کشوری لال نے کہا کہ صحافی کرونا کی عالمی وبا کے دوران بھی اگلے محاذ پر موجود رہے۔ صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال نے مزید کہا کہ عوام کو باخبر رکھنے کے لئے انہوں نے اپنی صحت کو بھی خطرات سے دوچار رکھا ہے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ ایک آزاد اور خودمختار میڈیا کے لیے جو خطرات ہیں ان کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور کا مزید کہنا تھا کہ صاحب اقتدار سے سوال کرنا ہی آزادی صحافت کی نشانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیازی سرکار میڈیا پر قدغنیں لگانے کے بجائے آزادی صحافت کو یقینی بنائے جبکہ آزادی صحافت پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صحافی برادری کو تحفظ اور انکے حقوق دینے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی ہری رام کشوری لال نے صحافیوں کے ساتھ مل کر سندھ کے معروف جریدے روزنامہ کاوش کی 31 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور مبارکباد پیش کی۔