دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں‌کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں‌کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی

باغی ٹی وی :دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں‌کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی، ویب سائٹ سپیکٹیٹر نے حالیہ اعدادو شمار جاری کیے ہیں. کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ دو لاکھ زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں.
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹلی،اسپین ،فرانس اور ملائیشیا میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ برطانیہ میں بھی حکام اس حوالے سے غور کر رہے ہیں۔ترکی اور متحدہ عرب امارات میں باجماعت نماز پر پابندی لگادی گئی ہے جب کہ ایران اور عراق میں نماز جمعہ کی ادائیگی بھی روک دی گئی ہے۔

چینی حکام کے مطابق کورونا وائرس کے 21 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سے ایک کورونا وائرس کے مرکز صوبہ ہوبے میں جب کہ دیگر کیسز کی تصدیق بیرون ملک سے آنے والوں میں ہوئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں چین میں 13 نئی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد3 ہزار226 ہوگئی ہیں۔

چین بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار 800 سے بڑھ گئی ہیں ،جس میں سے اب تک 68 ہزار 679 مریض صحت یاب ہو گئے اور 8 ہزار 976 افراد کا چین کے اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔چین کے بعد اٹلی کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے، اٹلی میں اب تک 28 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 2 ہزار 158 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس سے مزید 135 افراد انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد ایران میں اموات کی تعداد 988 ہوگئی ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت صحت کیانوش جہانپور کے مطابق ایران میں آج کورونا کے ایک ہزار 178 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جس کے بعد ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 16ہزار 169ہوگئی ہے۔ اسپین میں کورونا وائرس سے مزید 168 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 510 ہوچکی ہے۔

ہسپانوی وزارت صحت کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ تقریباً 1500 نئے کیسز ریکارڈ ہونے کے بعد اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز ہوچکی ہے۔رپورٹس کے مطابق کورونا سے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے شہری سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں.

Comments are closed.